حکومت کا 120 روزہ ہنی مون عوام کیلیے عذاب ہوگیا گیلانی

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سے عوام کنگال، حکمراں مالامال ہورہے ہیں،سابق وزیراعظم


INP October 21, 2013
جنوبی پنجاب کی آواز دبانے کے بجائے وعدے پورے کیے جائیں،سابق وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئروائس چیئرمین سیدیوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ حکمرانوںکا 120دن کا ہنی مون پیریڈہی عوام کیلیے عذاب بن گیا۔

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سے عوام کنگال، حکمران مالامال ہورہے ہیں، بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادپر ہونے چاہئیں، موجودہ حکمران جنوبی پنجاب کی آواز کودبانے کی بجائے اپنا وعدہ پوراکریں۔ وہ اپنی رہائش گاہ پرعید ملنے کیلیے مختلف اضلاع سے آنے والے پیپلزپارٹی کے وفودسے بات چیت کررہے تھے۔



یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جنرل الیکشن میں پیپلزپارٹی کا راستہ روکنے کیلیے ہرحربہ استعمال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی جیسی قومی سوچ رکھنے والی جمہوری قوت کو دیوار سے لگانے والے آج خودانڈر گرائونڈہوتے نظر آرہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی موجودہ حکمرانوں کے دلکش نعروں کی نفی کر رہی ہے۔ آج عوام مالی بدحالی سے کنگال ہوتے جارہے ہیں، حکمران ما لا مال ہوتے جا رہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کیخلاف عوام کی نفرت کا بم کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔