کانٹینینٹل بسکٹس نے پاکستان میں اوریوبسکٹ متعارف کرادیا

بین الاقوامی سطح پر مشہور اس بسکٹ کی پاکستان میں تیاری کے لیے 1.1ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی،


Business Reporter October 22, 2013
بین الاقوامی سطح پر مشہور اس بسکٹ کی پاکستان میں تیاری کے لیے 1.1ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ فوٹو: رائٹرز

کانٹی نینٹل بسکٹس نے عالمی کمپنی کرافٹ فوڈز کے اشتراک سے پاکستان میں اوریو(Oreo) بسکٹ متعارف کرادیے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر مشہور اس بسکٹ کی پاکستان میں تیاری کے لیے 1.1ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، اس کثیر سرمائے سے کانٹی نینٹل بسکٹ کے سکھر میں واقع مینوفیکچرنگ پلانٹ پر خصوصی پروڈکشن لائن تیار کی گئی ہے جو بسکٹ کی تیاری کے ابتدائی مراحل سے لے کر پیکنگ تک مکمل طور پر خودکار نظام کے تحت کام کرتی ہے اور اس پروڈکشن لائن پر یومیہ 40لاکھ بسکٹ تیار کیے جاسکتے ہیں، اپنی بہترین پیداواری استعداد کی وجہ سے سکھر میں لگنے والا یہ پلانٹ ملک میں بسکٹ کی سب سے بڑی پروڈکشن لائن بن گئی ہے۔

بسکٹ کی تعارفی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں کانٹی نینٹل بسکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیئرمین حسن علی خان، ڈائریکٹر مارکیٹنگ رافع زبیری، کرافٹ فوڈز(مونڈلیز انٹرنیشنل) کے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی نئی مارکیٹس کے لیے جنرل منیجر Ian Buchanنے شرکت کی۔ اس موقع پرIan Buchan نے کہا کہ کانٹی نینٹل بسکٹس کے ساتھ ہمارا اشتراک 2007سے ہے اور ہم نے سرحدوں کو مدنظر رکھے بغیر ایک دوسرے کی کاروباری صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا ہے، اوریو (Oreo) بسکٹ کا لاؤنچ ہونا پاکستان میں انڈسٹری کے فروغ اور بہترین معیاری مصنوعات کی تیاری کے لحاظ سے ہمارے لیے نہایت پر مسرت لمحہ ہے۔