پی سی بی نے فرنچائززکے مطالبات کو ہوا میں اڑا دیا

سلیم خالق  بدھ 20 نومبر 2019
جونیئر آفیسر کی جانب سے ای میل میں سخت زبان کا استعمال،اونرز حیران
 فوٹو:فائل

جونیئر آفیسر کی جانب سے ای میل میں سخت زبان کا استعمال،اونرز حیران فوٹو:فائل

کراچی: پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائززکے  مطالبات کو ہوا میں اڑا دیا، 48 گھنٹوں میں مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر مراعات واپس لینے کی دھمکی دے دی گئی۔

پی ایس ایل فرنچائزز نے پی سی بی سے آمدنی میں حصہ بڑھانے، چوتھے ایڈیشن کے حسابات فائنل کرنے اور شیئر دینے کے مطالبات کیے تھے۔ مشترکہ ای میل میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ فی الحال فیس کیلیے جمع شدہ چیکس کوکیش نہ کرایا جائے، پوسٹ ڈیٹڈ چیکس 20 نومبرکے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام نے فرنچائزز کو ای میل میں ٹکا سا جواب دے دیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے چیئرمین یا سی ای او کے بجائے ایک جونیئر آفیسر نے تحریر کیا۔ پی ایس ایل ہیڈ آف پلیئر ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ عمران احمد خان کی جانب سے ارسال کردہ ای میل میں خاصی سخت زبان استعمال کی گئی، اس پر اونرز بھی حیران ہیں۔

بورڈ آفیشل نے تحریر کیا کہ ہم نے فرنچائزز کے کہنے پر فیس کیلیے ڈالر کا ریٹ 138روپے طے کر دیا، بینک گارنٹی کے بجائے پوسٹ ڈیٹڈ چیکس دینے کو منظور کر لیا، آمدنی میں حصہ بڑھایا، ٹیکس میں کمی کرائی، اب اگر 48 گھنٹوں میں معاہدے کے شرائط پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے مالی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تویہ سب مراعات واپس لے لی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ بیشتر فرنچائزز کو چیک کیش کرانے پر کوئی اعتراض نہیں البتہ ہر بار فیس کیلیے بورڈ کو پریشان کرنے والی 2 ٹیمیں اس بار بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہیں، البتہ اب بورڈ حکام بھی نرم رویہ اپنانے کو تیار نہیں،اگر تناؤ جلد کم نہ ہوا تو لیگ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔