آسٹریلیا پاکستانی بیٹسمینوں کو پیس اٹیک سے ڈرانے لگا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 20 نومبر 2019
کینگروز حریف بولرز کو عزت دیتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں

کینگروز حریف بولرز کو عزت دیتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں

 لاہور:  برسبین ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا پاکستانی بیٹسمینوں کوپیس اٹیک سے ڈرانے لگا۔

آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے معطل بولر جیمز پیٹنسن کا خلا مائیکل نیسر کے بجائے مچل اسٹارک سے پُر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ پیسر کے پاس مہلک یارکرز اور باؤنسرز کے ہتھیار موجود ہیں، اگر وہ اپنے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے درست لینتھ پر گیند کریں تو پاکستان کیخلاف سیریز میں بیٹسمینوں کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان کی وائٹ بال سے کارکردگی شاندار رہی ہے، وہ ٹیسٹ فارمیٹ کی تیاری کیلیے کوچ ٹروئے کولی کی رہنمائی میں سخت محنت کرتے رہے ہیں، میں ان کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے بیتاب ہوں۔

جسٹن لینگر نے اپنے بیٹسمینوں کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں پاکستانی بولرز کو عزت دیتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہوگا، آسٹریلیا کے عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ بیٹسمین پہلی اننگز میں 300سے زائد رنز نہیں بنا پا رہے، ٹاپ 6میں موجود ہر بیٹسمین کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا،بڑے اسکور کیلیے اوپنرز کا کردار اہم ہوگا،جوئے برنز اور ڈیوڈ وارنر کا مزاج قطعی مختلف لیکن دونوں اچھا آغاز فراہم کرسکتے ہیں۔

وارنر کی ایشز میں کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن وہ آسٹریلیا میں مسلسل اچھا پرفارم کررہے ہیں،انھوں نے گرین شرٹس کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، پہلے ڈومیسٹک میچ میں بھی سنچری بنائی،اوپنر گیند پر نظر رکھتے ہوئے مثبت ذہن کے ساتھ ایکشن میں ہوں تو کسی ٹیم کیلیے بھی تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔