ڈنگی بخار میں مبتلا ایک اور بچہ جاں بحق مرنے والوں کی تعداد16ہو گئی

مریضوں کی تعداد3ہزار سے زائد ہوگئی، بلدیہ عظمیٰ نے بھی اسپرے مہم غیر اعلانیہ طورپر بند کردی ہے۔


Staff Reporter October 25, 2013
لانڈھی کے رہائشی 11سالہ دانیال کو 22اکتوبرکوتیزبخارکی علامات کے ساتھ نجی اسپتال میں لایاگیا تھا ۔فوٹو: محمد نعمان/فائل

کراچی میں ڈنگی وائرس نے ایک اوربچے کی جان لے لی جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد16ہوگئی۔

جبکہ ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوںکی مجموعی تعداد3ہزار سے زائد ہوگئی، ڈنگی سرویلنس سیل کے سربراہ ڈاکٹر شکیل ملک کے مطابق لانڈھی کے رہائشی 11سالہ دانیال کو 22اکتوبرکوتیزبخارکی علامات کے ساتھ ایک نجی اسپتال میں لایاگیاجہاں بچے کوداخل کرلیاگیامتوفی دانیال کے خون کے ٹیسٹوں میں ڈنگی وائرس کی تصدیق کی گئی تھی تاہم جمعرات کودانیال انتقال کرگیا انھوں نے بتایاکہ ڈنگی وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد16ہوگئی ہے،دریں اثنا ماہرین طب نے کہا ہے کہ ڈنگی وائرس کی تباہ کاریوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔



کراچی میں اس وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ مریض متاثر ہورہے ہیں،ماہرین نے کہاکہ ڈنگی وائرس کی شدت میں مسلسل اضافے سے یومیہ درجنوں افراد اس وائرس کا شکار ہوکر اسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں ، ماہرین نے کہاہے کہ محکمہ صحت اور متعلقہ حکام نے وائرس کے خاتمے کیلیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے،ڈنگی وائرس کے خاتمے کیلیے مسلسل اسپرے مہم جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے، بلدیہ عظمیٰ نے بھی اسپرے مہم غیر اعلانیہ طورپر بند کردی ہے یہی وجہ ہے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں اسپرے مہم نہیں کی جارہی ،کچی آبادیوں سے ڈنگی وائرس کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔

مقبول خبریں