عمران طاہر پاکستانی بیٹسمینوں کے اعصاب پر سوار ہوگئے

عمران طاہر ون ڈے سیریز میں بھی درد سر ثابت ہوسکتے ہیں، حکام


Sports Reporter/Abbas Raza October 25, 2013
عمران طاہر ون ڈے سیریز میں بھی درد سر ثابت ہوسکتے ہیں، حکام۔ فوٹو: فائل

دبئی ٹیسٹ میں کاری وار کرنے والے جنوبی افریقی بولر عمران طاہر پاکستانی بیٹسمینوں کے اعصاب پر سوار ہوگئے۔

جمعرات کولاہور میں 8 قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ میں شاہدآفریدی سمیت 5 سلو بولرز نے ون ڈے پلیئرز کو بھرپور نیٹ پریکٹس کرائی، زیادہ تر لیگ اسپنرز ایکشن میں نظر آئے، پروٹیز سلو بولر کی خلاف توقع کارکاردگی بھی موضوع بحث بنی رہی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے آخری روز عمران طاہر پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ مینجمنٹ کے اعصاب پر بھی سوار رہے،پلیئرز کے اسپن گیندوں کو عمدگی سے کھیلنے کی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگ چکا، حکام کا خیال ہے کہ عمران طاہر ون ڈے سیریز میں بھی درد سر ثابت ہوسکتے ہیں، اسی کے پیش نظر نیٹ میں آفریدی سمیت 5 سلو بولرز نے بیٹسمینوں کو بھرپور پریکٹس کرائی، زیادہ تر لیگ اسپنرز ایکشن میں نظر آئے۔



ذرائع کے مطابق کوچز نے ڈومیسٹک کرکٹ سے طلب شدہ بولرز کو خاص طور پر فلپراور گگلی کرانے کی ہدایت دی تھی، حیرت کی بات ہے کہ مقامی اسپنرز کے سامنے بھی عمر اکمل کے سوا کوئی زیادہ پُر اعتماد نظر نہیںآیا، محمد حفیظ، ناصر جمشید، سہیل تنویر اور وہاب ریاض کئی بار گیند کو میرٹ پر نہ کھیل سکے، بغیر ٹائمنگ کے اونچے اسٹروکس پر آفریدی بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ گیند سیدھی فیلڈر کے ہاتھ میں جائیگی۔ لیگ اسپنرز کو کھیلنے کی کم پریکٹس کے سبب پاکستانی بیٹسمین جس طرح دوسرے ٹیسٹ میں لاجواب ہوئے، اس کے بعد ون ڈے میچز میں ناکامی سے بچنے کی فکرمندی تربیتی کیمپ میں بھی دیکھی گئی، پلیئرز کی بڑی تعداد آپس میں اور کوچز کے ساتھ عمران طاہر کی تکنیک پر بات کرتی نظر آئی۔

مقبول خبریں