سگ گزیدگی کے شکار حسنین کے چہرے کی 3 بار سرجری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 نومبر 2019
 بچہ والدین کو پہچان رہا ہے اور اشاروں میں باتیں بھی کر رہا ہے،ڈاکٹرادارہ برائے صحت اطفال ۔  فوٹو : این این آئی

بچہ والدین کو پہچان رہا ہے اور اشاروں میں باتیں بھی کر رہا ہے،ڈاکٹرادارہ برائے صحت اطفال ۔ فوٹو : این این آئی

کراچی:  قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے میڈیکل بورڈ نے لاڑکانہ سے آئے کتے کے کاٹے سے متاثرہ 6 سالہ حسنین کے چہرے کی ریکنسٹرکٹوو (تعمیر نو) سرجری کرنے کے لیے شہر بھر کے مختلف اسپتالوں کے پلاسٹک سرجنز سے رابطہ کرلیا۔

چائلڈ سرجن ڈاکٹر محمد انور کے مطابق لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے متاثرہ علاج کے لیے کراچی لایا گیا۔ 6سالہ حسنین قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے، بچے کی حالت میں دن بہ دن بہتری آرہی ہے، بچے کی اب تک تین مائنر (چھوٹی) سرجریز کی جاچکی ہیں اور وینٹی لیٹر سے ہٹا کر نلکی کے ذریعے غذا دی جارہی ہے، بچہ والدین کو پہچان رہا ہے اور اشاروں میں باتیں بھی کر رہا ہے، بچے کی ریکنسٹرکٹوو سرجری کب اور کیسے کی جائے گی اس کا فیصلہ میڈیکل بورڈ جلد کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ریکنسٹرکٹوو سرجری کافی پیچیدہ نوعیت کی سرجری ہوتی ہے جس کے لیے ہم نے شہر بھر کے مختلف اسپتالوں کے پلاسٹک سرجنز سے بھی رابطہ کیا ہے جن کی مدد لی جائے گی۔

قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے بتایا کہ 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے حسنین کا طبی معائنہ کیا ہے، جمعہ کو حسنین کا اہم آپریشن کیا جائے گا،آنکھوں کے ڈاکٹر نے بھی حسنین کا معائنہ کیا ہے امید ہے کہ حسنین کی بینائی محفوظ ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے زخمی حسنین کے علاج کے لئے 10 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، میڈیکل بورڈ میں مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے جس کے چئیرمین این آئی سی ایچ کے ڈاکٹر جمشید اختر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔