کراچی حصص مارکیٹ میں تیزی برقرار22400 کی حد بھی بحال

تیزی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں 35ارب 74کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا


Business Reporter October 25, 2013
حصص مارکیٹ میں جمعہ کوفروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا۔ فوٹو: آن لائن / فائل

اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار حصص میں تیزی رہی جس کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس کی 22400کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں 35ارب 74کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 31.37 فیصدزائدرہا۔ حصص مارکیٹ میں جمعہ کوفروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اورٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 23321 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا تھا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ، ٹیلی کام اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 84.74پوائنٹس اضافے سے 22445.59 پوائنٹس پر بند ہوا۔

جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 89.82 پوائنٹس اضافے سے 17058.30،کے ایم آئی 30 انڈیکس 88.05 پوائنٹس کمی سے 37941.51پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 110.58 پوائنٹس کے اضافے سے 16327.58پوائنٹس پر بند ہوا،جمعہ کو 317 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 132 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ، 164 کمپنیوں کے دام میں کمی اور 21 کمپنیوں کے بھائو میں استحکام رہا۔



مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 35ارب74کروڑ17لاکھ 67 ہزار 359روپے بڑھ کر 53کھرب 36 ارب 15کروڑ 20لاکھ60ہزار 935 روپے ہوگیا، جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں 12 کروڑ 13لاکھ 57ہزار40شیئرز رہیں جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 کروڑ 89لاکھ 80ہزار 150شیئرز زائد ہیں۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے نیسلے پاک کے حصص سرفہرست رہے۔

جس کے حصص کی قیمت 315روپے بڑھ کر 6615 روپے اورشیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت 15روپے کے اضافے سے 515روپے ہوگئی، نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 65.58 روپے گھٹ کر 1808.67 روپے جبکہ وائتھ پاک کے حصص کی قیمت 20.31روپے کی کمی سے 4499.94 روپے پر بند ہوئی، نیشنل بینک کے حصص کی سرگرمیاں 1 کروڑ 72لاکھ 18ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں۔