زراعت پر توجہ دینے کی ضرورت

زراعت پر توجہ دینے کی ضرورت


Editorial November 25, 2019
(فوٹو: فائل)

اطلاعات کے مطابق ایران سے ٹماٹر پاکستانی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں ٹماٹروں کی قیمت اعتدال پر آ جائے گی لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ صرف ٹماٹر ہی نہیں بلکہ تمام سبزیوں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں۔ ادرک 300سے 400روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہا ہے جب کہ مارکیٹ میں جو نیا آلو ہے اس کی قیمت بھی 70سے80روپے فی کلو گرام ہے۔

غرض ہر سبزی ہی بہت زیادہ مہنگی ہے ۔ ادھر دالوں کی بھی صورت حال ایسی ہی ہے۔ ارباب اختیار کے لیے یہ بات قابل تشویش ہونی چاہیے کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں زرعی اجناس نہ صرف مہنگی ہیں بلکہ ملکی ضرورت کو بھی پورا کرنے کے قابل نہیں۔ اصولی طور پر پاکستان کو زرعی اجناس کے معاملے میں خود کفیل ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے کسی بھی حکومت نے زراعت کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ حکومت کی اگر کہیں توجہ ہے بھی تو چند ایک نقد آور فصلوں پرہے۔ مجموعی طورپر زرعی سیکٹر کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

زراعت کی ترقی کے لیے جہاں وافر پانی کی ضرورت ہے وہاں جدید ٹیکنالوجی کی بھی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی مداخل کی قیمتوں میں اعتدال لازم ہے۔ اگر زرعی مداخل سستے ہوں گے اور کسان جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا تو زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے نہ صرف ہمارے دیہات خوشحال ہوں گے بلکہ شہروں میں بھی اناج کی فراوانی ہو جائے گی۔

مقبول خبریں