کے سی سی آئی وفدکی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات

ویزا مسائل اورمنفی ٹریول ایڈوائزری سمیت مختلف مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا.


Business Reporter October 27, 2013
ڈوڈمین نے مسائل کے حل اورامریکی تجارتی وفدکے آئندہ سال دورے کیلیے تعاون کا یقین دلایا. فوٹو؛ فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں کے سی سی آئی کے وفد نے امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین سے کراچی قونصلیٹ میں ملاقات کی۔

جس کا مقصد پاکستان چیمبرآف کامرس امریکا کے صدر خالد حق قاضی اور کراچی ہوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدرسلیم سکندر راجانی کو متعارف کرانا تھا، اس موقع پر طاہر خالق،زبیر موتی والا،ہارون فاروقی، وائس چیئرمین بی ایم جی گروپ انجم نثار، کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر مفسر عطا ملک، نائب صدر محمد ادریس میمن، سابق صدر ہارون اگر اور میاں ابراربھی موجود تھے۔امریکن قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین نے امریکی تاجروں کے 20 رکنی وفد کے آئندہ سال مارچ میں دورہ پاکستان کیلیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، وفد کی میزبانی کے فرائض کراچی چیمبر سرانجام دے گا۔



وفد نے امریکی قونصل جنرل سے ملاقات میں تاجربرادری کودرپیش مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جن میں ویزے کے حصول میں مشکلات سمیت سفری سہولتیں شامل ہیں۔ کے سی سی آئی کے وفد نے بزنس ویزے کے اجرا میں تاخیر کی نشاندہی بھی کی اور قونصل جنرل کو بتایاکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بزنس ویزے کے حصول میں اکثر اوقات7ماہ تک کاعرصہ لگ جاتاہے جس کی وجہ سے تاجر و صنعت کار برادری کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وفد نے بعض ایسے تاجروں کی ویزا درخواستیں مسترد کیے جانے پرتشویش کا اظہار کیا جواس سے پہلے بھی امریکا کا کئی بار دورہ کر چکے ہیں۔ قونصل جنرل نے وفد کو مسائل حل کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے منفی ٹریول ایڈوائزری کے باعث پاکستان کی ساکھ متاثر ہونے اور منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔