مقامی سطح پر ڈیزائن کیا گیا فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل 4 لانچ

فاسٹ اٹیک کرافٹ جدید ملٹی مشن جہاز ہے جس کی لمبائی63میٹر اور وزن 560ٹن ہے


Staff Reporter November 28, 2019
وزارت دفاعی پیداوار بھرپور طریقے سے نئے شپ یارڈز کے قیام کیلیے سرگرم ہے، زبیدہ جلال

MULTAN: مقامی سطح پر ڈیزائن کی جانے والی پہلی جبکہ پاکستان بحریہ کے لیے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ(میزائل)4 کی لانچنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوئی۔

فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)4جدید ملٹی مشن جہاز ہے جس کی لمبائی 63میٹر ہے اوروزن560ٹن ہے، یہ 04 شافٹس کے ذریعے چلتا ہے اور اس کی رفتار 30ناٹس ہے، یہ میزائل کرافٹ مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائلوں اور سینسرز سے لیس ہوگا۔ جہاز کو مقامی طور پر میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس (ایم ٹی سی) نے ڈیزائن کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیربرائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے پاک بحریہ، میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کو مقامی سطح پر تیاری اور خود انحصاری کے قومی اہداف کے حصول میں اس سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی۔

انھوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس پبلک سیکٹر کی ان چند صنعتوں میں سے ایک ہے جنھوں نے گذشتہ دہائی میں نمایاں ترقی کی اور منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن کے لیے پائیدار منافع پیدا کرنے والے اداروں میں شامل ہوئے۔

زبیدہ جلال نے مزید کہا کہ ملک کی آئندہ معاشی ترقی کو دیکھتے ہوئے وزارت دفاعی پیداوار بھرپور طریقے سے نئے شپ یارڈز کے قیام کے لیے سرگرم ہے، انھوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملکی بحری بیڑے میں اس میزائل کرافٹ کی شمولیت سے ملکی سمندری حدود کی مزید موثر طریقے سے حفاظت کی جا سکے گی۔

مقبول خبریں