افغانستان 2خودکش حملے 12افراد ہلاک 47زخمی آسٹریلیا کا مشن مکمل کرنیکا اعلان

وردک میں خودکش حملے امریکی فوجی اڈے کے قریب ہوئے،2 نیٹو اہلکار زخمی بھی ہوئے،طالبان نے ذمے داری قبول کرلی ۔


AFP September 02, 2012
وردک میں خودکش حملے امریکی فوجی اڈے کے قریب ہوئے، 2 نیٹو اہلکار زخمی بھی ہوئے، طالبان نے ذمے داری قبول کرلی. فوٹو: فائل

افغانستان میں 2 خودکش حملوں میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوگئے، ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان کے وسطی علاقے میں امریکاکے ایک فوجی اڈے کے قریب دو خودکش حملوں میں10 شہری اور2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صوبہ وردک کے ضلع سید آباد میں ہونے والے ان حملوں میں ایک مقامی بازار بری طرح تباہ ہو گیا ہے۔

پہلا حملہ ایک پیدل خودکش بمبار نے کیا جبکہ دوسرا حملہ دھماکاخیز مواد سے بھری ٹرک کے پھٹنے سے ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے خودکش حملہ آور نے سید آباد میں مقامی گورنر کے دفتر کو نشانہ بنایا۔ اس کے بعد ہونے والے حملے میں متعدد گھر اور دوکانیں تباہ ہوگئی ہیں۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان حملوں نیٹو کے صرف 2 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ صوبائی حکام نے دھماکے اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے، طالبان نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی۔

ادھر آسٹریلوی وزیر دفاع سٹیفن سمتھ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں اور دیگر مشکلات کے باوجود اپنا مشن مکمل کرے گا۔ سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 آسٹریلوی فوجیوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے۔ اے پی پی کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں اب بھی شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور عراق کی طرح افغانستان میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔