ڈاکٹروں کی دلیپ کمارکوپرہیزی خوراک لینے کی ہدایت

ان کی طبیعت اب بہتر ہے ، قریبی عزیزواقارب سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہیں


Qaiser Iftikhar October 29, 2013
بالی وڈسے نیک تمناؤں کے پیغامات ملتے رہے،چاہت پر سب کی مشکور ہوں،سائرہ بانو ۔ فوٹو : فائل

برصغیرپاک وہند کے لیجنڈ اداکاردلیپ کمارکو ڈاکٹروں نے اہلخانہ کوطبیعت سنبھلنے کے ساتھ معمول کی پرہیزی خوراک دینے کی ہدایت جاری کردیں۔

دوسری جانب دلیپ کمارسے ملاقات کے لیے رشتہ دارگھرپرآرہے ہیں اوردنیا بھر میں ان کے پرستار فون کالز کرکے خیریت دریافت کرنے کے ساتھ مکمل صحتیابی کی دعائیں بھی کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز دلیپ کمار کی اہلیہ اورماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے ممبئی سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے ''نمائندہ ایکسپریس'' کوبتایاکہ دلیپ کمارکی طبعیت بہت اچھی ہے۔ ڈاکٹروں کے ایک بورڈ نے معائنہ کے بعد انھیں معمول کی پرہیزی خوارک دینے کی اجازت دیتے ہوئے بتایاکہ حالت میں تیزی سے بہتری ہو ٓرہی ہے۔ اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ کمزوری کم کرنے کے لیے معمول کی پرہیزی خوراک دی جائے۔



 

جس کی وجہ سے وہ ہلکی پھلکی چہل قدمی کرنے کے بھی قابل ہوجائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ سب ان کے چاہنے والوں کی دعاؤں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے ہمیں مکمل تسلی کے بعد اسپتال سے گھرآنے کی اجازت دی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ مکمل آرام اوردوائی کے ساتھ مکمل پرہیز کا مشورہ بھی دیا تھا۔ ہم سب لوگوں نے اس بات کاخاص خیال رکھا اوراسی لیے اب وہ اپنے قریبی عزیزواقارب سے ملاقات بھی کررہے ہیں اورماضی کی باتیں سن کران کے چہرے پرمسکراہٹ بھی آجاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سائرہ بانونے بتایاکہ بالی وڈ فلم انڈسٹری کی جانب سے نیک تمناؤں کے پیغامات ملتے رہے ہیں اورہر روز کوئی نہ کوئی بالی وڈاسٹارخیریت دریافت کرنے کے لیے گھر پرآتاہے۔ یہ سب کی محبت اورچاہت ہے جس کے لیے میں سب کی مشکورہوں اورجہاں تک بات دنیابھر میں دلیپ کمار کے چاہنے والوں کی ہے تواس حوالے سے صرف اتنا ہی کہنا چاہوں گی کہ یہ سب کچھ اللہ پاک کی خاص کرم نوازی کے بناء ممکن نہیں ہے۔بہت سے فنکارکام کرتے ہیں اورپھرریٹائرمنٹ کے بعد گمنامی کی زندگی بسر کرتے ہیں لیکن دلیپ کمار پہلے بھی اسٹار تھے اورلوگ آج بھی انھیں وہی مقام دیتے ہیں۔ جو ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔