عثمان شنواری اور فہیم اشرف کا بگ بیش ٹیم میلبورن رینیگیڈز سے معاہدہ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 5 دسمبر 2019
پہلی بار کنٹریکٹ پانے والے فہیم اشرف میلبورن رینیگیڈز کو ابتدائی8 میچزکیلیے دستیاب ہوں گے۔ فوٹو: فائل

پہلی بار کنٹریکٹ پانے والے فہیم اشرف میلبورن رینیگیڈز کو ابتدائی8 میچزکیلیے دستیاب ہوں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  عثمان شنواری اور فہیم اشرف کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز سے معاہدہ ہوگیا۔

عثمان شنواری نے گذشتہ سیزن میں بھی میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، پیسر کا چند روز قبل ہی پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز سے لاہور قلندرز میں تبادلہ ہوا ہے، وہ بگ بیش لیگ میں ابتدائی5 میچز کیلیے دستیاب ہوں گے، جس کے بعد انگلش کرکٹر ہیری گیرنی کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

عثمان شنواری کو اگر سری لنکا کیخلاف 11سے 23دسمبر تک شیڈول ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا تو بگ بیش سے دستبردار ہونا پڑے گا،پہلی بار کنٹریکٹ پانے والے فہیم اشرف میلبورن رینیگیڈز کو ابتدائی8 میچزکیلیے دستیاب ہوں گے، جس کے بعد ان کی جگہ افغانستان کے محمد نبی سکواڈ میں شامل ہوجائیں گے، گھٹنے کی انجری کا شکار آل رائونڈر ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی پروگرام جاری رکھے ہوئے اور تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔