پی آئی اے کی آمدنی بڑھانے کی حکمت عملی بنا لی ایم ڈی

اخراجات میں بھی کمی لائی جائے گی، اسٹریٹجی کے ہنگامی نفاذکی کوشش کر رہے ہیں


Numainda Express October 29, 2013
پی آئی اے میں نوتشکیل شدہ وے فارورڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پی آئی اے کے بعض سابق ایگزیکٹوز کی مشاورت بلامعاوضہ لی جا رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

GILGIT: پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس نے کہا کہ ایئرلائن کی بہتری کے لیے ریونیو بڑھانے اور اخراجات میں کمی پر مبنی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔

جسے ہنگامی بنیادوں پر نافذ کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ پی آئی اے میں نوتشکیل شدہ وے فارورڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پی آئی اے کے بعض سابق ایگزیکٹوز کی مشاورت بلامعاوضہ لی جا رہی ہیں، ان تجربہ کار ماہرین نے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جو قابل تحسین ہے، اس سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی میں سابق ایم ڈی ڈاکٹر میر محمد شاہ، سابق ڈاریکٹر مارکیٹنگ کامران حسن، ڈائریکٹر فنانس صفدر رضوی اور سابق سی ایف او عارف مجید کو شامل کیا گیا ہے۔



جن کی پیشہ وارانہ مہارت مسلمہ ہے، واضح رہے کہ کمیٹی کی سربراہی کیپٹن سہیل بلوچ کر رہے ہیں اور دیگر ارکان میں کیپٹن خالد خان، فرسٹ آفیسر چاکر شاہ (سیکٹری کمیٹی)، فرسٹ آفیسر حمزہ ترمذی، نورلغاری، انجینئر ذاکر فاروق اور اسسٹنٹ منیجر انور بلوچ شامل ہیں، کمیٹی نے ا پنے اجلاس میں مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

جن میں انجینئرنگ، اسپیئرپارٹس انوینٹری سسٹم، کسٹمر سروسس، فلائٹ آ پریشن، ٹکٹنگ ریزر ویشن، فنانس اور پروکیورمنٹ اینڈ لاجسٹکس شامل ہیں، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ان شعبوں کی کار کردگی کو مانیٹر کیا جائے گا اور مطلوبہ اہداف بروقت حاصل کیے جائیں گے۔ ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے وے فارورڈ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ ان کی بدولت ایئرلائن حالیہ بحران سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گی۔