بھارت نے ہنستے کھیلتے رنز کا کوہ ہمالیہ عبور کرلیا

تاریخ میں دوسری مرتبہ ایک میچ میں 4 تھری فیگر اننگز کھیلی گئیں، جارج بیلی اور شین واٹسن نے بھی اعزاز پایا


Sports Desk October 31, 2013
ناگپور: چھٹے ون ڈے انٹرنیشنل میں 156رنز بنانے والے آسٹریلوی قائد جارج بیلی کا کٹ شاٹ، عقب میں بھارتی وکٹ کیپر مہندرا دھونی موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی

LODHRAN: چھٹے ون ڈے میں بھارت نے ہنستے کھیلتے رنز کا کوہ ہمالیہ عبورکرلیا،آسٹریلیا کیخلاف 351 کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

6 وکٹ کی کامیابی میں ویرت کوہلی کی برق رفتار سنچری نے اہم کردار ادا کیا، ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایک میچ میں 4 سنچریاں بنیں، شیکھر دھون، جارج بیلی اور شین واٹسن نے بھی تھری فیگرز اننگز سجائیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دوسری مرتبہ 350 پلس کا ہدف آسانی سے حاصل کرلیا، ناگپور میں چھٹے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے 350 رنز بنائے مگر میزبان سائیڈ نے 6 وکٹ سے فتح حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی، جس کے بعد 2 نومبر کو شیڈول آخری میچ کو فائنل کی حیثیت حاصل ہوگئی، اس سے قبل جے پور میں دوسرے ون ڈے میں بھارت نے 360 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا تھا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں دوسرا موقع ہے جب ایک میچ میں چار سنچریاں بنیں،اس سے قبل 1998 میں لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایسا ہوا تھا۔



بھارت کو فتح کیلیے 351 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں شیکھر دھون اور روہت شرما نے ٹیم کو 178 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی، ایرون فنچ کی گیند پر شرما 79 رنز بناکر فالکنر کا کیچ بن گئے، شیکھر دھون 102 بالز پر 11 چوکوں کی مدد سے پورے 100 رنز بناکر فالکنر کا شکار بنے، سریش رائنا کو 16 اور یوراج سنگھ کو صفر پر آؤٹ کرکے مچل جونسن نے بھارتی بیٹنگ کو بریک لگانے کی کوشش کی مگر ویرت کوہلی نے کامیابی حاصل نہیں ہونے دی، وہ اپنی دھواں دار بیٹنگ سے ٹیم کو منزل پر لے گئے، دھونی نے آخری اوور میں چوکا جڑنے کے بعد2 رنز بناکر فتح کا عمل مکمل کیا، انھوں نے 25 رنز اسکور کیے جبکہ ویرت کوہلی نے 115 رنز صرف 66 بالز پر بنائے، اس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 6 وکٹ پر 350 رنز اسکور کیے،کپتان جارج بیلی نے 156 اورشین واٹسن نے102 رنز بنائے۔

مقبول خبریں