حکومتی تمسکات میں عالمی سرمایہ کاری معیشت کیلیے فائدہ مند ہے اسٹیٹ بینک

شبہات مسترد، پورٹ فولیو بیرونی سرمایہ کاری معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے


Business Reporter December 17, 2019
بیرونی سرمایہ کاری مقامی مارکیٹ میں دستیاب رقوم کا پول بڑھا کر سرمایہ منڈیوں میں گہرائی لانے میں مدد دیتی ہے، اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حکومتی تمسکات میں غیرملکی سرمایہ کاری پر شبہات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورٹ فولیو غیرملکی سرمایہ کاری معیشت کے منظر نامے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضہ مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری پاکستان کی قرضہ مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے مضمرات کے بارے میں کئی غلط فہمیاں ہیں۔ طویل عرصے سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی ایکوٹی منڈیوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

ایسی سرمایہ کاری کو قرضہ آلات میں سرمایہ کاری کی طرح پورٹ فولیو سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور اسپیشل کنورٹبل روپی اکاؤنٹ (ایس سیآر اے) کا فریم ورک ہی استعمال ہوتا ہے۔ یہ سرمایہ کار ہماری مالی منڈیوں میں سرمایہ لاتے اور نکالتے رہے ہیں جس سے پاکستانی معیشت کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔

حال ہی میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے حکومت پاکستان کے جاری کردہ قرضہ آلات میں سرمایہ کاری شروع کردی ہے۔ یہ عمل معیشت کے مثبت منظرنامے پر ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ جیسا کہ آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک اور ریٹنگ ایجنسیوں سمیت بین الاقوامی مالی اداروں نے تصدیق کی ہے۔

مقبول خبریں