پنشن نظام میں تبدیلی کے خلاف فرانس میں احتجاج

پنشن کے معاملے میں 1995ء میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جس میں حکومت کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔


Editorial December 19, 2019
پنشن کے معاملے میں 1995ء میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جس میں حکومت کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فرانس میں ایک اور احتجاج شروع ہو گیا ہے اور ہزاروں افراد جسٹس یعنی عدل کا علامتی مجسمہ تھامے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ یہ لوگ حکومت کی طرف سے ریٹائرمنٹ کی عمر اور پنشن کی رقم پر نظر ثانی کے اعلان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں کیونکہ انھیں شک ہے کہ پنشن اوور ہالنگ کے اعلان پر حکومت پنشنروں کے ساتھ ناروا سلوک روا کرنا چاہتی ہے۔

اس سے قبل فرانسیسی لوگ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال پر احتجاج کر رہے تھے جب کہ ٹیچرز اور اسپتالوں کے اہلکار بھی اپنے حالات اور معاملات کے بارے میں احتجاجی مظاہروں میں شریک تھے۔ ٹیچرز اور اسپتال ورکرز کا احتجاج 5 دسمبر کو شروع ہوا جس میں 2 لاکھ سے زائد لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے دارالحکومت پیرس کے ری پبلک محل تک مارچ کیا۔

احتجاج نے جب شدت اختیار کر لی تو حکام نے ایفل ٹاور کو بند کر دیا تا کہ کوئی زیادہ ناخوشگوار واقعات پیش نہ آئیں۔ اس سے قبل احتجاجی مظاہرین نے دکانوں کے شیشوں کی توڑ پھوڑ کی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ پنشن کے لیے ون پوائنٹ ایجنڈے پر عمل کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے فرانس میں مختلف محکموں اور اداروں کے لیے پنشن کے لیے بہت سے مختلف اصول مروج ہیں لیکن اب حکومت تمام پنشن پانے والوں کو ایک ہی ایجنڈے پر اکٹھا کرنا چاہتی ہے۔

بجلی کے محکمے میں کام کرنے والے اہلکاروں نے احتجاج میں پچاس ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع کر دی جب کہ کم آمدنی والے علاقوں میں 40 ہزار گھروں کو توانائی سے محروم کر دیا گیا اور ساتھ ہی انتباہ کیا کہ اگلے مرحلے میں اپنے احتجاج کا دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔ واضح رہے فرانس میں ریٹائرڈ ملازمین کو 24 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

جس کے مطابق انھیں پنشن ادا کی جاتی ہے تاہم اب حکومت نے پنشن کے لیے سب ورکرز کو یکساں نظام میں سمونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیا نظام زیادہ منصفانہ اور شفاف ہو گا مگر کارکنوں کو حکومت کے اس دعوے پر اعتبار نہیں اس لیے وہ احتجاج پر نکل آئے ہیں حکومت نئے نظام کو خواتین کے حق میں زیادہ عادلانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

یورپی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سے 64 سال کے درمیان ہے۔ 64 سال کے بعد ریٹائرڈ ورکر کو مکمل پنشن ملے گی جب کہ 64سال سے قبل ریٹائر ہونے والوں کو کم پنشن ملتی ہے۔ پنشن کے معاملے میں 1995ء میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جس میں حکومت کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔

مقبول خبریں