نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کیوں نہیں آئے

اس بار زیادہ سڑکیں بند نہیں کی گئیں جس سے عوام کو مشکلات کا اتنا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔


Saleem Khaliq December 20, 2019
اس بار زیادہ سڑکیں بند نہیں کی گئیں جس سے عوام کو مشکلات کا اتنا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ فوٹو: فائل

''یار یہ ٹریفک کیوں رکا ہوا ہے، کوئی وی آئی پی آ رہا ہے کیا'' ''نہیں بھائی نیشنل اسٹیڈیم میں شاید کوئی میچ ہو رہا ہے''

''اچھا ہمیں تو پتا ہی نہیں، یہاں سامنے تو اب تک پی ایس ایل میں ٹیموں کو خوش آمدید کہنے والا بورڈ ہی لگا ہے، شہر میں اور بھی کہیں گہماگہمی نہیں دیکھی''

کراچی کے جو حالات ہیں ان میں کار کے شیشے بند رکھنا ہی مناسب رہتا ہے لیکن ان دنوں چونکہ موسم سرد ہے لہٰذا ہوائوں سے لطف اندوز ہونے کیلیے میں نے شیشے نیچے ہی رکھے، اسٹیڈیم کے قریب سگنل پر رکا تو دو موٹر سائیکل سواروں کو آپس میں یہ بات چیت کرتے سنا،اس سے صاف اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بورڈ نے شائقین کرکٹ کو متوجہ کرنے کیلیے کوئی انتظامات ہی نہیں کیے، کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے اور پہلے دن اسٹیڈیم میں 3 ہزار افراد بھی موجود نہیں تھے، صرف ایک انکلوژر میں ہی تھوڑی چہل پہل تھی۔

اس سے ٹی وی پر میچ دیکھنے والوں پر بھی اچھا تاثر نہیں گیا ہوگا، بیشتر انکلوژرز میں داخلہ مفت کرنے کے باوجود بھی لوگ کیوں نہیں آئے،اس کی صاف وجہ بورڈ کی جانب سے کوئی ہائپ نہ بنانا تھی، میچ کیلیے کئی دن پہلے سے اشتہاری کیمپئن چلانی چاہیے تھی،شہر میں کچھ بورڈز وغیرہ لگاتے، شائقین کو متوجہ کرنے کیلیے کوئی پلان بناتے،آپ میچ سے ایک دن پہلے بعض انکلوژرز میں مفت انٹری کا اعلان کر رہے ہیں حالانکہ ایسے فیصلے تو کافی پہلے کیے جاتے ہیں، میں پھر کولکتہ ٹیسٹ کی مثال دوں گا۔

جس کے ٹکٹ بلیک میں فروخت ہوتے رہے مگر افسوس یہاں تو مفت میں بھی کوئی لینے کو تیار نہیں تھا،اس کی وجہ بورڈ آفیشلز کا ویژن ہے ، افسوس اس معاملے میں ہم پیچھے رہ گئے، بھارت نے اپنے سابق کرکٹرز کی عزت افزائی کرتے ہوئے انھیں گرائونڈ کے چکر لگوائے، ہم نے یونس خان جیسے عظیم بیٹسمین کو ناراض کر دیا اور وہ میچ دیکھنے کیلیے آئے ہی نہیں، صادق محمد کو 50روپے کا ٹکٹ بھیج کر احسان کر دیا گیا، یہ رویہ افسوسناک ہے،خیر پی سی بی والے کہاں کچھ سیکھنے کو تیار ہیں۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی رونقیں بھی بحال ہو گئیں، اس بار زیادہ سڑکیں بند نہیں کی گئیں جس سے عوام کو مشکلات کا اتنا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا، سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، اونچی عمارتوں اور پل پر بھی اہلکار مستعد نظر آئے۔

ٹیمیں انتظامات سے خوش ہیں، کل سی ای او نے 49 منٹ کی پریس کانفرنس کی تھی آج پھر وہ دونوں میڈیا سینٹرز میں صحافیوں سے ''غیر رسمی''گفتگو کرتے دکھائی دیے، سری لنکا سے آئے ہوئے صحافی پاکستانی میزبانی سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں، میچ کے پہلے دن پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ مایوس کن رہی، فواد عالم کو موقع نہ دینے پر لوگ ناراض تھے، بولرز نے بہتر پرفارمنس سے شائقین کا کچھ غصہ کم کیا، جمعے کو اندازہ ہو جائے گا کہ میچ کس رخ پر جا رہا ہے۔