ایران کا پاکستان کیساتھ سیکیورٹی معاہدے پر غور

پاک ایران سیکیورٹی مسودہ پارلیمانی بورڈکے حوالے کردیاگیا، تبادلہ خیال کے بعدبورڈمنظوری دے گا


News Agencies November 03, 2013
عالمی جوہری ادارے کی جانب سے ایرانی تعاون کی تعریف، صدر روحانی سے بات چیت مفید رہی، ڈئی جی آئی اے ای اے یوکیا امانو۔ فوٹو: فائل

ایران پاکستان کے سیکیورٹی معاہدے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کے تحت ایرانی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف آپریشنزکے لیے پاکستانی علاقے میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن محمد صالح جوکارنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک ایران سیکیورٹی معاہدے کا مسودہ پارلیمانی بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے جس پر اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بورڈ کی منظوری صورت میں اسے آپریشنل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت ایرانی مسلح افواج قانونی طور پر پاکستانی علاقوں میں داخل ہوکر دہشت گردی کے خلاف آپریشن کرسکیں گی اوراس سلسلے میں کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق ادارے نے ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی کی طرف سے جوہری حوالے سے تعاون کرنے کی تعریف کی ہے۔



غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روزایک بیان میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا امانونے کہاکہ ایرانی حکومت اس سے قطع نظر کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ اس کے مذاکرات جاری ہیں عالمی ادارے کے مطابق تعاون کرنے پر آمادہ ہے۔آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانونے کہاکہ ان کی صدر روحانی کے ساتھ بڑی مفید اورکا رآمد بات چیت ہوئی جس کے نتیجے میں ایران کے دنیا کی ٰ6 بڑی طاقتوں کیساتھ مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

عالمی جوہری ادارے کے ڈی جی کا کہنا تھا کہ صدر روحانی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ہمارا متعدد باررابطہ ہو چکا ہے،ایرانی صدر اور ان کی ٹیم نے کبھی بھی کسی معاملے کوعالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے نتھی نہیں کیا جن کے ذریعے ایران امریکی پابندیوں سے آزاد ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹرکاکہنا تھاکہ ایران کی طرف سے پیش کردہ نئی تجاویزمیں وزن ہے ۔ ہمیں ایران کے ماضی اورحال کی سرگرمیوں کا کچھ فرق دیکھنا چاہیے تاہم انھوں نے اس بارے میں کچھ کہنے سے انکارکردیا کہ ایران جوہری پروگرام کی تحقیقات کے لیے ماضی کے مقابلے میں کس قدر زیادہ مداخلت کرنے دے گا۔