غیر قانونی مقیم افراد کو مہلت ختم سعودی عرب سے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس آنا پڑے گا

10 لاکھ سے زائد پاکستانی، بنگالی، فلپائنی، بھارتی، یمنی شہریوں نے فائدہ اٹھایا اور کاغذات مکمل کروا لیے


News Agencies November 04, 2013
پکڑے جانے پر جیل یا جرمانہ ہو سکتا ہے،سعودی عرب میں اس وقت90لاکھ غیر ملکی مقیم ہیں، مہلت میں توسیع نہیں ہوگی، سعودیہ۔فوٹو:فائل

سعودی حکومت کی طرف سے غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی راہ اختیارکرنے کیلیے دی گئی تین نومبر تک کی مہلت گزشتہ روز ختم ہوگئی۔

اس مہلت سے 10 لاکھ سے زائد پاکستانی، بنگالی، فلپائنی بھارتی اور یمنی شہریوں نے فائدہ اٹھایا۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس سے پہلے دی گئی مہلت سے40 لاکھ غیرملکی مستفید ہوئے۔ دوسری مہلت ختم ہونے کے بعد تارکین وطن کی بڑی تعداد نے سعودی عرب سے نکلنا شروع کر دیا ہے۔ سعودی عرب چھوڑنے والوں میں زیادہ تر غیر ہنرمند اور عمرہ ویزہ پر رکنے والے غیرملکی شامل ہیں جنہیں پکڑے جانے پر جیل یا جرمانے کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے ۔آئی این پی کے مطابق سعودی عرب میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنی دستاویزات کی درستی کیلیے سعودی حکومت کی طرف سے دی گئی مہلت اتوار کو ختم ہوگئی۔



8 لاکھ پاکستانیوں نے کاغذات مکمل کروالیے۔ لیبر قوانین و اقامہ کی خلاف ورزی پر ہزاروں پاکستانیوں کو سعودیہ سے واپس آنا پڑے گا۔ پاکستانی سفیر نعیم خان کے مطابق6ہزار پاکستانی ابھی تک سعودی عرب میں مقیم ہیں جنہیں مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد وطن واپس روانہ کر دیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت قریباً 90لاکھ غیرملکی افراد مقیم ہیں۔ ملازمت کی غرض سے جنوبی ایشیائی ملکوں سمیت کئی دیگر ممالک سے لوگ سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ ریاض حکومت کی وزارت محنت نے اس معافی کی مدت میں مزید توسیع کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔