ریشماں کی آواز سننے والوں کو پرسکون کردیتی تھی شبنم

خواہش تھی کہ مجھ پر ریشماں کا گایا گانا عکسبند کیاجائے جو ادھوری رہ گئی


Qaiser Iftikhar November 05, 2013
ریشماں کی فنی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیاجاسکے گا،روبن گھوش کی فون پر گفتگو ۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: پاکستانی فلم انڈسٹری پربرسوں راج کرنیوالی اداکارہ شبنم کوعظیم گلوکارہ ریشماں کے انتقال پرشدید صدمہ پہنچا ہے۔

ریشماں کی وفات کی خبرجونہی نیوزچینلز پربریکنگ نیوز کے طور پرچلی توشبنم یہ خبردیکھتے ہی آبدیدہ ہوگئیں۔ انھوں نے گزشتہ روز ڈھاکہ سے فون پر ''نمائندہ ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ فوک گائیکی میں ریشماں کوجومقام حاصل تھا وہ کسی اورکونہیں مل سکا۔ وہ بہت بڑی گلوکارہ تھیں۔ میںان کے گیت بہت شوق سے سنتی تھی۔ میں جب پاکستان میں فلموں میں کام کرتی تھی تواس وقت میری خواہش تھی کہ مجھ پرریشماں کا گایا کوئی گیت فلمبندکیاجائے لیکن میری یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔وہ بہت سادہ خاتون تھیں لیکن ان کا فن بہت بڑا تھا۔



ان کی آواز میں جو سکون تھا وہ سننے والوں کو بھی سکون بخشتا تھا۔ وہ آج اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن ان کے گیت ہمیشہ ان کے نام کوزندہ رکھیں گے۔ موسیقارروبن گھوش نے بتایا کہ پاکستان میں قیام کے دوران ریشماں سے اکثر ریکارڈنگ اسٹوڈیومیں ملاقات ہوتی رہتی تھی۔انھوں نے جس طرح سے فوک گائیکی کوپوری دنیا تک پہنچایا وہ کوئی دوسرا نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ ریشماں نے اپنے فن کی بدولت بہت نام کمایا۔ان کی فنی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیاجاسکے گا۔ ان کی وفات سے پیداہونیوالا خلاء کبھی پُرنہیں ہوسکے گا۔ میری دعا ہے کہ اللہ پاک ان کوجنت الفردوس میں جگہ عطاکرے۔