اے این ایف کا رانا ثنا کی رہائی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

 جمعرات 26 دسمبر 2019
لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم ہیں، اس طرح کے مقدمات میں ضمانت نہیں ہوتی، اینٹی نارکوٹکس فورس (فوٹو: فائل)

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم ہیں، اس طرح کے مقدمات میں ضمانت نہیں ہوتی، اینٹی نارکوٹکس فورس (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ادارے نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے رہائی کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ پڑھیں: 6 ماہ بعد رہائی مکمل انصاف نہیں، رانا ثنا اللہ رہا

ترجمان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت کے فیصلے میں بہت سے قانونی سقم ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے کیوں کہ اس طرح کے مقدمات میں ضمانت نہیں ہوتی۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اے این ایف ٹرائل کورٹ رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پہلے ہی رد کرچکی تھی، اس کیس میں ہمارے پاس برآمد شدہ منشیات اور گواہ بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب رانا ثںا اللہ نے مقدمے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا گھٹیا ترین مقدمہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر میں منشیات کا نیٹ ورک چلارہا ہوں تو وہ نیٹ ورک پکڑا کیوں نہیں گیا؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔