عبدالرزاق کو سابقہ تلخیاں بھلانے کا چیلنج بھی درپیش

حفیظ سے اختلافات ماضی کا حصہ بن چکے، ٹیم کیلیے پرفارم کرنا مقصد ہے،آل راؤنڈر


Sports Reporter/Abbas Raza November 06, 2013
حفیظ سے اختلافات ماضی کا حصہ بن چکے، ٹیم کیلیے پرفارم کرنا مقصد ہے،آل راؤنڈر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایک سال بعد قومی ٹی20اسکواڈ میں واپسی پر عبدالرزاق کو پرفارمنس کے ساتھ سابقہ تلخیاں بھلانے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔

محمد حفیظ کی زیرقیادت کھیلتے ہوئے ناخوشگوار تعلقات کی بازگشت سنائی دیتی رہے گی، آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ اختلافات ماضی کاحصہ بن چکے، ملک اور ٹیم کے لیے پرفارم کرنا مقصد ہے، اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں برتوں گا۔ تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق آخری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے اکتوبر 2012میں آسٹریلیا کیخلاف میچ کے دوران ایکشن میں نظر آئے تھے، سیمی فائنل میں آل رائونڈر کو ڈراپ کردیا گیا، شکست کے بعد پاکستان ٹیم کو کولمبو سے واپسی کا سفر اختیار کرنا پڑا،لاہور ایئر پورٹ پر انھوں نے بلاوجہ میچ سے باہر کیے جانے پر دل کی بھڑاس نکالی، پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی کردیا، بعد ازاں پریس کانفرنس میں عبدالرزاق اور حفیظ نے صلح صفائی اور گلے شکوے دور ہونے کا پیغام دیا۔



دسمبر میں قومی ٹی 20ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز کی قیادت فیصل آباد وولفز کو اچانک چھوڑ کر آنے والے محمد حفیظ کے سپرد کردی گئی،اس ایونٹ کے دوران بھی رنجش برقرار رہنے کی اطلاعات سامنے آئیں، ٹورنامنٹ تو ختم ہوگیا لیکن دونوں کرکٹرز کی تلخیاں برقرار رہیں، عبدالرزاق ایک سال تک نظر انداز رہے۔ اب قومی ٹی 20اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ سلیکٹرز کے مطابق انھیں بنگلہ دیش میں آئندہ برس شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو متوازن بنانے کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جارہا ہے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ محمد حفیظ کے ساتھ اختلافات ماضی کا حصہ بن چکے، صرف ملک اور ٹیم کے لیے پرفارم کرنا مقصد ہے، اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں برتوں گا، صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے پر پی سی بی اور سلیکٹرز کا مشکور ہوں، انھوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز اور پروٹیز کی خوبیوں خامیوں سے واقف ہوں، کوشش ہوگی کہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے اپنا کیریئر آگے بڑھائوں۔

مقبول خبریں