دورہ بنگلہ دیش کیویز خالی ہاتھوں وطن واپسی سے بچ نکلے

واحد ٹی 20 میں 15 رنز سے فتح سمیٹ لی، کولن منرو اور ڈیویچ کی نصف سنچریاں


AFP/Sports Desk November 07, 2013
ٹوئنٹی 20 میچ: کیوی بیٹسمین انتون ڈیویچ گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھا رہے ہیں، انھوں نے ففٹی بنائی۔ فوٹو : اے ایف پی

کیویز دورہ بنگلہ دیش سے خالی ہاتھوں وطن واپسی سے بچ نکلے، کولن منرو اور انتون ڈیویچ کی نصف سنچریوں کی بدولت واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں 15 رنز سے فتح سمیٹ لی۔

مونرو اور ڈیویچ کی نصف سنچریوں نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیسٹ ڈرا ہوجانے کے بعد مہمان ٹیم کو ون ڈے سیریز کے تمام تینوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، مگر ٹیم ٹور کا اختتام فتح کیساتھ کرنے میں کامیاب رہی، ٹائیگرز کیلیے205 رنزکا تعاقب دشوار ثابت ہوا، ابتدائی 2 اوورز میں 19 رنز پر تین وکٹیں گرگئیں، ٹم ساؤتھی نے اوپنرز شمس الرحمان (4) اور ضیا الرحمان (6) کو پہلے اوور میں ٹھکانے لگایا، دوسرے اوور میں مومن الحق (9) بھی مچل میک کلینگن کا نشانہ بن گئے، کپتان مشفیق 29 گیندوں پر 50 رنز بنانے کے بعد کورے اینڈرسن کی وکٹ ثابت ہوئے۔



انھوں نے کیریئر کی اولین ٹی 20 ففٹی سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی، ناصر حسین(28) بھی ناتھن میک کولم کے شاندار ریٹرن کیچ پر پویلین لوٹنے پر مجبور ہوگئے، ٹائیگرز مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 189 رنز تک محدود رہے، ساؤتھی نے تین وکٹیں لیں، اس سے قبل کیویز نے 5 وکٹ پر 204 رنز بناکر ٹی 20 کرکٹ کا اپنا دوسرا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، ٹیم نے اس سے قبل 2010 میں آسٹریلیا کیخلاف بھی 6 وکٹ پر 214 رنز جوڑے تھے،مونرو نے 39 گیندوں پر 79 کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیبیو پر 59 رنز بنانے کیلیے ڈیویچ نے محض 31 گیندوں کا سامنا کیا۔