نیٹوسپلائی کی بندش سے ماحول میں تبدیلی آئیگی شاہ محمود قریشی

کراچی میں آپریشن سے ہمیں بھی پریشانی ہے،شازیہ مری،مسائل بہت سنگین ہیں،فیصل سبزواری


Monitoring Desk November 07, 2013
کراچی سونے کا انڈہ دینے والی مرغی ہے،ابصارعالم کی ٹودی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد یا ادارہ جس نے پاکستان میں دہشت گردی کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے دہشتگردی برافعل ہے اور برارہے گی ۔کسی کویہ حق نہیں کہ ہمارے پرامن مذاکرات کو سبوتاژکردیاجائے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ کراچی کے حالات تشویشناک ہیں آپریشن کے باوجود حالات ٹھیک نہیں ہورہے۔اگرکراچی میں شیعہ سنی ہلاکتیں کسی سازش کے تحت ہورہی ہیں توپھریہ سازش صرف کراچی تک نہیں رہے گی۔ڈرون حملے رکنے اور نیٹوکی سپلائی کی بندش سے ماحول میں تبدیلی آئیگی۔ پیپلزپارٹی کی رہنماشازیہ مری نے کہا کہ کراچی کے حالات پچھلے بیس پچیس سال سے خراب ہیں لیکن آج کراچی میں امن کی خواہش سب سے شدید ہے۔ کراچی میں آپریشن سے ہماری جماعت کو بھی پریشانی ہے لیکن ہم کراچی کے لاکھوں شہریوں کے امن کی خاطر خاموش بیٹھے ہیں۔



ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ کراچی کے مسائل بہت سنگین ہیں،کراچی میں سب سے پہلے فوج کا مطالبہ ہم نے کیا تھا ۔جب ہم نے کراچی میں طالبانائزیشن کی بات کی توکسی نے ہماری بات کا نوٹس نہیں لیا۔ تجزیہ کار ابصارعالم نے کہاکہ کراچی کے عام شہری آپریشن سے مطمئن ہیں لیکن جہاں تک ایم کیو ایم کے ایشوز ہیں ان کوسنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ کراچی سونے کا انڈہ دینے والی مرغی ہے اوراس مرغی کو ساری سیاسی جماعتیں ذبح کرنا چاہتی ہیں۔