ملک میں رہ کر تمام حالات کا مقابلہ کروں گا پرویز مشرف

سابق صدر کی خلاف الزام ثابت نہیں ہوسکا، مدعی مزید ثبوت دے سکتا ہے، آئی جی اسلام آباد


Numainda Express/Monitoring Desk November 08, 2013
سابق صدر نے رہائی کے بعد جیل عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کیلیے عشایئے کا اہتمام کیا ۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق صدر پرویز مشرف نے ملک میں رہ کر تمام حالات کا مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایک ٹی وی کے مطابق دوستوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ رہائی پر شکرانے کا عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند تھے تاہم ملکی حالات کے پیش نظر عمرے کی ادائیگی موخر کر دی۔ دوسری جانب پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کا سب جیل کا درجہ ختم کردیاگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چیف کمشنراسلام آبادجواد پال نے اس حوالے سے باضابطہ احکام جاری کردیے جس کے بعد اب وہ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرسکتے ہیں۔



آئی این پی کے مطابق انکے فارم ہاؤس کے اطراف خاردار تار لگا کر سیکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ جیل عملہ بھی واپس چلا گیا، رہائی کے بعد گزشتہ شب انھوں نے جیل کے عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کیلیے عشایئے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر سابق صدر تمام شرکا سے فرداً فرداً ملے۔ دوسری جانب آئی جی اسلام آباد سکندرحیات نے کہا ہے کہ غازی عبدالرشیداوران کی والدہ کے قتل کیس میں اب تک کی تفتیش کے مطابق پرویز مشرف پر کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا، یہ تاثر غلط ہے کہ پولیس نے کسی دباؤمیں آکرملزم کو بیگناہ قرار دیا۔ اس مقدمے میں مشرف ضمانت پررہاہوئے ہیں،بری نہیں ہوئے۔ مدعی مزید ثبوت پیش کر سکتے ہیں۔