بالی ووڈ میں داؤد ابراہیم سمیت انڈر ورلڈز پر مبنی فلمیں منافع بخش کاروبار

اجے دیوگن،عمران ہاشمی،اکشے کمار، رشی کپور، جاوید شیخ، سونو سود سمیت دیگر اسٹارز دائود ابراہیم کا رول کر چکے ہیں


Cultural Reporter November 10, 2013
داؤد ابراہیم انڈر ورلڈ کا سب سے مقبول کردار ہے، رام گوپال ورما سمیت متعدد ڈائریکٹرز نے فلمیں بنائیں، شائقین نے بھی خوب سراہا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بالی ووڈ کے نامور اسٹار دائود ابراہیم کے کرداروں میں بھی فلم بینوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری میں انڈر ورلڈز کے موضوع پر فلمیں بنانا فلمسازوں اور ڈائریکٹرز کے لیے ہمیشہ منافع بخش رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں انڈر ورلڈ کا سب سے مقبول کریکٹر دائود ابراہیم رہا ہے جس پر رام گوپال ورما سمیت متعدد ڈائریکٹرز نے فلمیں بنائیں اور جن میں دائود ابراہیم کا رول بالی وڈ کے معروف اسٹارز نے مختلف ناموں کے ساتھ کیا۔



جن میں اجے دیوگن نے فلم ''کمپنی'' میں ''چندر کانت چندو'' کے نام سے یہ رول کیا ۔ اداکار عمران ہاشمی نے ''ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی'' میں شعیب خان اور اسی فلم کے سیکوئل ''ونس اپان اے ٹائم ممبئی دوبارہ''میں اکشے کمار نے نبھایا۔



سنیئر اداکار رشی کپور نے ڈی ڈے فلم میں اقبال سیٹھ کے نام سے یہ کردار نبھایا جو اپنے گیٹ اپ اور شکل وشباہت کے لحاظ سے حقیقی دائود ابراہیم کے بالکل قریب ہی لگے۔



پاکستانی اداکار جاوید شیخ بھی فلم ''جنت '' میں داؤد ابراہیم اور سونو سود فلم''شوٹ ایٹ واڈلا'' میں دلاور امتیاز کے کردار میں پرفارم کر چکے ہیں، دیگر انڈر ورلڈز پر بننے والی فلموں میں بھی دائود ابراہیم کا کردار کسی نہ کسی شکل میں شامل رہا ہے مگر مذکورہ فلموں میں دائود ابراہیم کو ہی مرکزی کرداروں میں دکھایا گیا جسے فلم بینوں نے سراہا ہے۔

مقبول خبریں