جمعہ کو سال کا کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ

موجودہ سردی کی لہر پیر تک برقرار رہ سکتی ہے، ترجمان محکمہ موسمیات


Staff Reporter January 17, 2020
موجودہ سردی کی لہر پیر تک برقرار رہ سکتی ہے،  ترجمان محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

شہر قائد میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موسم سرما کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جس کے سبب سردی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں رواں سال جمعہ کو موسم سرما کا اب تک کا سب کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ زیادہ سے زیادہ پارہ 24 ڈگری رہا۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 59 جب کہ شام کے وقت 17 فیصد رہا۔ جمعہ کو درجہ حرارت گرنے کی وجہ سے سردی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔

شہر کے مضافاتی علاقوں میں پارہ 5 ڈگری تک محسوس کیا گیا۔ جمعے کوسائبیرین ہوائیں دوسرے روز بھی متوازن رہیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، چند روز قبل تک شہر میں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ چکی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات میٹرو لوجسٹ انجم نذیر کے مطابق موجودہ سردی کی لہر پیر تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے بعد ایک قدرے کمزور مغربی سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا اورشمال بلوچستان میں برف باری کا سبب بن سکتا ہے تاہم نئے مغربی سلسلے کے اثرات کراچی پر سرد ہواؤں اور بارش کی شکل میں نمودار ہونے کے امکانات کم ہیں البتہ نیا سلسلہ شمال مشرقی ہواؤں کو پیچھے دھکیل دے گا جس کی وجہ سے 20 اور 21 جنوری کو شہر کا درجہ حرارت بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو بھی شہرکا کم سے کم پارہ 7 سے 9 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ 22 سے 24 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور شہر کا مطلع سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

مقبول خبریں