امن کیلیے سول یا فوجی ہلاک ہوں تو وہ شہید ہیں فرید پراچہ

منورحسن نے ملک میں اشتعال پھیلا یا،شرمیلا فاروقی، بیان غیردانشمندانہ تھا ،جنرل امجد شعیب


Monitoring Desk November 12, 2013
جماعت نے بحث کو الجھادیا، بنگش،شہید کا فیصلہ خداکرتا ہے، جان اچکزئی،کل تک میں گفتگو فوٹو: فائل

رہنما جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے کہا ہے جماعت اسلامی کا واضع موقف ہے کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے پاکستان میں امن کے قیام کے لیے لڑتے ہوئے سول یا فوجی ہلاک ہوں تو وہ شہید ہیں اور ہم اس معاملے پر بالکل کلیئر ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ میں جماعت اسلامی کیخلاف قرارداد سیاسی گیم ہے ۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کا امیر انتخاب کے ذریعے منتخب ہوتا ہے، ہم کسی فرقے کو سپورٹ نہیں کرتے، جماعت اسلامی میں احتساب کا مکمل نظام موجود ہے ۔فوج کو کسی بھی سیاسی جماعت کا باقاعدہ نام لے کر پریس ریلیز جاری کرنا مناسب نہیں۔ ملک کو غیر ضروری بحث میں الجھا دیا گیا ہے جس کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے۔ ہم نے جنرل نیازی کو شہید قرار دیا ان کے گھر بھی گئے ہم نے اس دہشتگردی کی مذمت کی۔

اسٹیٹ کا کام ہے کہ بے گناہ لوگوں کو مارنے والوں کے خلاف ایکشن لے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ منورحسن نے دہشتگردوں کو شہید اور پاکستان کے فوجیوں کو شہید نہیں کہا جس سے پورے ملک میں اشتعال پھیلا شہداء کے ورثا کو تکلیف پہنچی ۔



سندھ اسمبلی میں متفقہ طور پر ان کے خلاف قرارداد پاس ہوئی ہم سمجھتے ہیں کہ طالبان اور جماعت اسلامی کی سوچ میں انیس بیس کا ہی فرق ہے یہ پاک افواج میں انتشار پھیلانے کی وجہ بنے ہیں ۔

دفاعی تجزیہ کارجنرل (ر)امجد شعیب نے کہا کہ اگر ہم یہ کہیں کہ یہ جنگ ہماری نہیں ہے تو پھر ہماری فوج محاذوں پر کیوں ہے اگر ہم یہ کہیں کہ آپ یہ جنگ تو لڑرہے ہیں جانوں کا نذرانہ تو دے رہے ہیں لیکن شہید نہیںہیں تو ان کے جذبے میںکمی واقع ہوگی۔ منورحسن کا یہ بیان بہت بے موقع اور غیردانشمندانہ تھا ۔سینیٹر عبدالغنی بنگش نے کہا کہ کوئی گروہ جماعت یا ادارہ ملک میں جہاد کا اعلان نہیں کرسکتا صرف اسٹیٹ ہی جہاد کی بات کرسکتی ہے۔آج جماعت اسلامی کے پاس موقع تھا کہ وہ اپنے آپ کو کلیئر کرلیتی لیکن انہوں نے بحث کو مزید الجھادیا ہے۔جے یو آئی (ف) کے ترجمان جان اچکزئی نے کہا کہ میر افوج کی کسی پالیسی سے اختلاف ہوسکتا ہے لیکن محاذ پر لڑنے والے فوجی سے نہیں ۔ شہید کا فیصلہ خدا تعالیٰ کی ذات کرتی ہے یہ فیصلہ نہ میں کرسکتا ہوں نہ مولانافضل الحق کرسکتے ہیں اورنہ ہی کوئی اورانسان کرسکتا ہے۔