سونے کے زیورات کی تجارتایس آراو760کے اجراپراحتجاج

جیمزمرچنٹس وجیولرزنے وزیراعظم کے دورہ تھائی لینڈکے موقع پر وفدکی روانگی منسوخ کردی۔


Business Reporter November 17, 2013
پاکستان گزشتہ 2ماہ کے دوران تقریباً 25 کروڑ ڈالرکے زرمبادلہ سے محروم بھی ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے سونے کے زیورات کی درآمدوبرآمدی سرگرمیوں کو پیچیدہ بنانے کے ایس آراو760 کے اجراپر بطور احتجاج آل پاکستان جیمزمرچنٹس اینڈجیولرزایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے دورہ تھائی لینڈکے موقع پراپنے وفدکی روانگی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے سونے اور سونے کے زیورات کی تجارت سے متعلق ایس آراو 266 معطل کرکے ایک نیا ایس آراو760جاری کیا تھا لیکن اس ایس آر او کے اجرا کے بعد سونے کی درآمد اور اور سونے کے زیورات کی برآمدات ناممکن ہوگئی ہے نتیجتاً پاکستان گزشتہ 2ماہ کے دوران تقریباً 25 کروڑ ڈالرکے زرمبادلہ سے محروم بھی ہوگیا ہے، ان زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن کے اکابرین نے فیصلہ کیا ہے کہ جیولری انڈسٹری کے خلاف پالیسیاں اختیار کرنے والی حکومت کے سربراہ کے ہمراہ اپنا وفد بطور احتجاج تھائی لینڈ نہیں بھیجے گی۔



حالانکہ ستمبر میں منعقدہ ایکسپوپاکستان نمائش کے موقع پرتھائی لینڈکے ایک تجارتی وفدکے ساتھ آل پاکستان جیمز مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت یہ فیصلہ ہوا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ تھائی لینڈ کے موقع پردونوں ممالک کے درمیان ایم اویوپرباقاعدہ دستخط ہوں گے اور مجوزہ ایم اویوکے تحت پاکستانی جیولرزکواسٹون کٹنگ، جیولری ڈیزائننگ، جدیدطرز پر جیولری مینوفیکچرنگ اورجیولری کی جدید مشینری وٹیکنالوجی کی منتقلی کی جائے گی تاکہ پاکستان میں جیولری مینوفیکچرنگ کو خامیوں سے پاک کرتے ہوئے جیولری کی برآمدات کے حجم کوبڑھایا جاسکے لیکن ایسوسی ایشن کے وفد کا بطور احتجاج دورہ منسوخ ہونے کے سبب اب تھائی لینڈ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ناممکن ہوگیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صدرمملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیرخزانہ جیولری انڈسٹری کے مسائل حل کرانے میں دلچسپی لیں۔