بڑے پیمانے پر ڈیوٹی چوری40فیصد درآمدات میں انڈر انوائسنگ کا اندیشہ

لگژری گاڑیاں،آٹو پارٹس،سلک فیبرکس،موبائل فون ایسیسریز، ٹائر، ٹیوب، ڈائپرز، پولیسٹر آئٹمز،الیکٹرک کیبلزودیگراشیاشامل۔


Numainda Express November 17, 2013
انڈرانوائسنگ روکنے کیلیے چیکنگ سخت، اصل مالیت کے مطابق ڈیوٹی وصولی کیلیے نئی ویلیوایشن رولنگ جاری کی جائینگی،دستاویز فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ملک میں درآمد کنندگان کی طرف سے ٹیکس اور ڈیوٹی چوری کے لیے لگژری گاڑیوں، آٹو پارٹس، سلک فیبرکس، موبائل فون ایسیسریز، فوڈ سپلیمنٹس اور ٹائر و ٹیوب سمیت دیگر اشیا کی بڑے پیمانے پر انڈر انوائسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

جس کی روک تھام کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئی ویلیو ایشن رولنگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز میں بتایا گیاکہ ملک میں درآمد کی جانے والی 40 فیصد اشیا ڈیوٹی ادائیگی کے حوالے سے ہائی رسک ہیں جس کی مانیٹرنگ و چیکنگ سخت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان اشیا کی درآمد پر ان کی اصل مالیت اور ویلیو کے مطابق ڈیوٹی وصول کی جاسکے۔



دستاویز میں بتایا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے جن اشیا کی درآمد کے لیے نئی ویلیو ایشن رولنگ جاری کی جائیں گی ان میں پولیسٹر چین آئٹمز، الیکٹرک کیبلز، آٹو پارٹس، لگژری گاڑیاں، ایلمونیم ورک، موبائل فون ایسیسریز، سلک فیبرکس، چھالیہ، پان کے پتے، ویگنیں اور ٹرک، بائنڈرز، ڈائیاں، فوڈ سپلیمنٹ، پاور انویرٹرز، الیکٹرک موٹرز، سی سی ٹی وی سسٹمز، والوز، ٹائر ٹیوب، مٹھائیاں اور بچوں کے ڈائپرز سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔