ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پیاز برآمد کے بڑے سودے منسوخ

برآمدی کنسائمنٹ بندرگاہ تک نہ پہنچ سکے، کنٹینرز میں پڑی کروڑوں کی پیاز خراب ہوگئی


Business Reporter November 18, 2013
برآمد کنندگان کے مطابق بھارتی پیاز مارکیٹ میں نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی پیاز کو فائدہ ہورہا تھا . فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے سبب پاکستان نے پیاز کی برآمد سے کثیر زرمبادلہ کمانے کا موقع گنوادیا۔

تاخیر کے سبب پیاز کی برآمد کے بھاری مالیت کے سودے منسوخ ہوگئے جس کا فائدہ اب بھارت کو پہنچ رہا ہے۔ پیاز کے برآمد کنندگان نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے سبب فار ایسٹ ممالک، دبئی، قطر اور دیگر خلیجی ریاستوں کو پیاز کی برآمد کے کنسائمنٹ بندرگاہ تک نہ پہنچ سکے اور کنٹینرز میں پڑی ہوئی کروڑوں روپے کی پیاز خراب ہوگئی۔ ادھر بھارت میں پیاز کی فصل مارکیٹ میں آگئی ہے جو آئندہ چند روز میں پاکستانی پیاز کی قیمت تک پہنچ جائیگی درآمد کنندگان نے پاکستان سے بروقت کنسائمنٹ نہ نکلنے پر مزید آرڈرز روک دیے ہیں جن کا رخ اب بھارت کی جانب مڑ گیا ہے۔



برآمد کنندگان کے مطابق بھارتی پیاز مارکیٹ میں نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی پیاز کو فائدہ ہورہا تھا اور پاکستانی پیاز کے سودے 500ڈالر فی ٹن کی بلند ترین سطح پر کیے گئے تھے تاہم بھارتی پیاز مارکیٹ میں آنے کے بعد پاکستانی پیاز کی قیمت 50فیصد تک کم ہوکر 250ڈالر فی ٹن تک آجائیگی اور درآمد کنندگان پاکستانی پیاز پر بھارتی پیاز کو ترجیح دیں گے۔ بھارت میں پیاز کی قلت کی وجہ سے خود بھارتی خریداروں نے بھی پاکستان سے پیاز کی درآمد میں دلچسپی لی تھی تاہم ٹرانسپورٹ کی ہڑتال نے ایکسپورٹرز کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا پیاز کی ایکسپورٹ سے وابستہ متعدد ایکسپورٹرز دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ ایکسپورٹرز نے بیوپاریوں اور زمینداروں سے پیاز خرید لی تھی لیکن ہڑتال کے دوران بندرگاہ نہ پہنچنے کی وجہ سے یہ پیاز راستے میں پڑے پڑے خراب ہوگئی جس کا تمام مالی نقصان ایکسپورٹرز کو اٹھانا پڑے گا۔

مقبول خبریں