سانحہ راولپنڈی سانحہ بولٹن مارکیٹ کا تسلسل ہے، مفتی منیب

اسٹاف رپورٹر  پير 18 نومبر 2013
قوم سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں، کمیشن کو ٹرائل کورٹ کیس کے اختیارات دیے جائیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

قوم سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں، کمیشن کو ٹرائل کورٹ کیس کے اختیارات دیے جائیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: تنظیم المدارس العربیہ پاکستان کے صدراورمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے کہاہے کہ سانحہ راولپنڈی سانحہ بولٹن مارکیٹ کاتسلسل ہے،اس وقت مجرموں کوسزا دی جاتی توآج یہ واقعہ پیش نہ آتا،سانحہ راولپنڈی میں ملوث عناصرکوسر عام سزادی جائے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ علامہ شاہ احمدنورانی کی رہائش گاہ بیت الرضوان میں،شاہ اویس نورانی، مفتی جان نعیمی،علامہ مظفرحسین شاہ،مفتی عبدالحلیم صدیقی ودیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ محرم الحرام کے حوالے سے حکومتی انتظامات بظاہرمناسب تھے لیکن سانحہ راولپنڈی نے پوری قوم کوہلاکررکھ دیا۔

اس کے ردعمل کے واقعات کی وجہ سے پورے ملک میں خوف کے سائے ہیں ہم قوم سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں،سانحے میں چندسازشی عناصرملوث ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے لیے قائم کمیشن کو ٹرائل کورٹ کیس کے اختیارات دیے جائیں ،دہشتگردکوئی بھی ہواس کوکہیں سے بھی سرپرستی نہیں ملنی چاہیے،میں قوم اور اتحاد مدارس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متحد ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کریں،سانحہ راولپنڈی شیعہ سنی تصادم نہیں،اگرہوتاپھر پورے ملک میں اس کا ردعمل ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔