ایس ای سی پی کے 56 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس

ستمبر واکتوبرمیں62کمپنیوں کے ڈائریکٹرز و آڈیٹرز کیخلاف کارروائی، جرمانے کیے گئے۔


Numainda Express November 19, 2013
کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی فنانشل اسٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمشن آف پاکستان نے انضباطی قواعدکی خلاف ورزی، سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قاعدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 56 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے منگل کو جاری تفصیلات کے مطابق اظہار وجوہ کے نوٹس، سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کو ستمبر اور اکتوبر 2013 میں جاری کیے گئے،کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی فنانشل اسٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں جبکہ کئی کمپنیوں کو آڈٹ کے مروجہ قواعد پورے نہ کرنے، سالانہ فنانشل اسٹیٹمنٹ جاری کرنے میں تاخیر، ڈائریکٹرز کے انتخابات نہ کرانے اور کمپنی کے منافع اور بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے۔



ستمبر اور اکتوبر 2013 میں ایس ای سی پی نے62 کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرزکے خلاف شکایات پر کارروائی مکمل کی اور انضباطی قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جبکہ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کی انسپکشن رپورٹ میں کی گئی سفارش پر ایس ای سی پی نے ایک کمپنی کے مالی معاملات کی تحقیقات کا بھی آغاز کیا۔ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ڈائریکٹرز کی درخواست پر19 کمپنیوں کو شراکت داروں کے سالانہ اجلاس کی تاریخ میں توسیع کرنے کی منظوری دی جبکہ بعض کمپنیوں کو سالانہ اجلاس کا مقام تبدیل کرنے کی اجازت بھی دی گئی، علاوہ ازیں شراکت داروں کی طرف سے مختلف کمپنیوں کے خلاف دی گئی 34 درخواستوں کو کامیابی سے نمٹادیا گیا ہے۔

مقبول خبریں