یونائٹیڈ اور سلطانز کی پنجہ آزمائی میں برابری نمایاں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 15 فروری 2020
باہمی میچز میں2،2 فتوحات،اسٹین، رونکی اورآفریدی اس بار ایکشن میں ہونگے

باہمی میچز میں2،2 فتوحات،اسٹین، رونکی اورآفریدی اس بار ایکشن میں ہونگے

 لاہور:  ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانزکی پنجہ آزمائی میں اب تک برابری نمایاں ہے، باہمی مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 2،2فتوحات حاصل کیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے اب تک ہونے والے مقابلوں میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتان سلطانز کی جیت کا تناسب ففٹی، ففٹی ہے، اب تک دونوں ٹیمیں 4 مرتبہ مقابل آئیں اور2،2میچز میں کامیابی حاصل کی، پی ایس ایل 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 5وکٹ سے شکست دی۔

دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 33 رنز سے جیتا،گذشتہ ایڈیشن کے دونوں گروپ میچز میں ملتان سلطانز نے بالترتیب 5 اور 6 وکٹ سے فتح پائی، 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد کو ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل ہیں۔ فہیم اشرف بھی لیگ اسپنر شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اترینگے، بیٹنگ میں کولن انگرام، کولن منرو، آصف علی، لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان دستیاب ہونگے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے معین علی، شاہد آفریدی، روی بوپارہ، جیمز ونس، ریلی روسو اور خوشدل شاہ جارحانہ بیٹنگ کیلیے میدان میں اتریں گے، قیادت تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کررہے ہیں، ٹی 20 اسپیشلسٹس سہیل تنویر، محمد عرفان اور عمران طاہر پر مشتمل بولنگ اٹیک بھی تیار ہے۔پی ایس ایل 5 میں دونوں ٹیموں کے مابین پہلا مقابلہ22 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور دوسرا 8 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔