رومانیہ میں تیار بحری جہاز پی این ایس یرموک پاک بحریہ میں شامل

خالد محمود  اتوار 16 فروری 2020
شمولیت سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، وائس ایڈمرل فیاض۔ فوٹو: پاک نیوی

شمولیت سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، وائس ایڈمرل فیاض۔ فوٹو: پاک نیوی

اسلام آباد: رومانیہ میں تیارکردہ 2300ٹن وزنی بحری جہاز پی این ایس یرموک کی پاک بحریہ میں شمولیت پر وائس چیف آف نیول اسٹاف کہتے ہیں پاکستانی بحری بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کیلیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس یرموک کی کمشننگ تقریب رومانیہ میں منعقد ہوئی وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی کی بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پی این ایس یرموک جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو مختلف اقسام کے میری ٹائم آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اس طرز کا دوسرا جہاز پی این ایس تبوک رواں سال کے وسط تک پاک بحریہ میں شامل ہوگا۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستانی بحری بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

ترجمان کے مطابق مہمان خصوصی نے ریکارڈ مدت میں اس جہاز کی تیاری پر ڈامن شپ یارڈ کے تعاون اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی تقریب میں پاکستانی حکام کے علاوہ رومانین بحریہ کے اعلی افسران، دوست ممالک کے سفارتکاروں اور ڈامن شپ یارڈ کی انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔