ہاتھوں اور منہ کی صفائی درجنوں بیماریوں سے بچاتی ہے، ماہرین صحت

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 فروری 2020
اب غیرمسلم ممالک بھی اسلام کے طبی اصولوں پر اپنا صحت کا نظام بنارہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

اب غیرمسلم ممالک بھی اسلام کے طبی اصولوں پر اپنا صحت کا نظام بنارہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

کراچی: ماہرین صحت نے کہا ہے کہ نیا کورونا وائرس جانوروں کی منڈی سے پھیلا ہے جو ایک شخص سے دوسرے شخص کو لگتا ہے، دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلنے کی اہم وجہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے کوئی ویکسین نہ ہونا ہے، یہ وائرس دوسری اقسام کی وائرس سے کم مہلک ہے، اب غیرمسلم ممالک بھی اسلام کے طبی اصولوں پر اپنا صحت کا نظام بنارہے ہیں،ہاتھوں اور منہ کی صفائی درجنوں بیماریوں سے بچاتی ہے۔

سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں کورونا وائرس کے حوالے سے مباحثہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے کورونا وائرس کے تمام پہلوؤں پر اظہار خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ چین میں اس مرض کی شدت میں آرہی ہے، پروگرام کا انعقاد ایس آئی یو ٹی کے شعبہ وبائی امراض نے کیا۔

گفتگو کا آغازکرتے ہوئے شعبہ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسما نسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس صدیوں سے انسان کو متاثر کرتا آرہا ہے لیکن اب اس وائرس کی نئی اقسام سامنے آئی ہیں انھوں نے کہا کہ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نیا کورونا وائرس جانوروں کی منڈی سے پھیلا ہے اور ایک شخص سے دوسرے شخص کو لگتا ہے چونکہ یہ وائرس کی ایک نئی قسم ہے لہٰذا دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کی ایک اہم وجہ اس کا ویکسین نہ ہونا بھی ہے، اس انتہائی وبائی بیماری سے متعلق انھوں نے کہا کہ یہ وائرس دوسری اقسام کی وائرس سے کم مہلک ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر سنیل دودانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کو بخار، خشک کھانسی اور سانس لینے میں دشواری پیش آرہی ہو اور وہ چین کا سفر کیا ہو تو وائرس کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چین میں اب اس وبا کی شدت میں کمی ہو رہی ہے، انھوں نے کہا کہ 18 فروری تک 71429 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی جس میں سے 1775 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، جس میں 98 فیصد لوگوں کا تعلق چین سے تھا، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

پروفیسر شہلا باقی نے اس مرض سے بچاؤ کے مختلف پہلوؤں کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ہاتھوں کی حفظان صحت کو بنیاد قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔