سابق فرانسیسی وزیر اعظم کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ

فیلوں پر2017 میں فرانس کے صدارتی انتخابات سے تین مہینے پہلے یہ سکینڈل منظر عام پر آیا تھا۔


Editorial February 26, 2020
فیلوں پر2017 میں فرانس کے صدارتی انتخابات سے تین مہینے پہلے یہ سکینڈل منظر عام پر آیا تھا۔ فوٹو: فائل

فرانس کے سابق وزیراعظم فرانکویز فیلون کے خلاف فراڈ کے الزام میں مقدمہ قائم کر لیا گیا ہے۔ ان پر سرکاری رقم اپنی بیوی اور بچوں پر خرچ کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ گزشتہ ہفتے موسیو فیلون اور ان کی اہلیہ کی موجودگی میں قائم کیا گیا لیکن ملزموں کے وکلاء کی درخواست پر مقدمے کی کارروائی کوگزشتہ روز تک ملتوی کر دیا گیا۔

وکلاء نے مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست ان ساتھی وکلا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کی جو موجودہ صدر عمانویل میکرون کی پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج پر ہیں، واضح رہے صدر میکرون نے پنشن کے قوانین میں جو رد و بدل کیا ہے اس پر ان کے مخالفین کی طرف سے سخت تنقید ہو رہی ہے۔ فیلون پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں اور اپنی بیوی اور دو بچوں کو ناجائز طور پر بھاری مالی فائدہ پہنچایا لیکن 2017میں فرانسیسی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے 65 سالہ فیلون نے متذکرہ الزام کی تردید کی ہے۔

فیلوں پر2017 میں فرانس کے صدارتی انتخابات سے تین مہینے پہلے یہ سکینڈل منظر عام پر آیا تھا اور اس وقت تمام اخبارات میں شہ سرخیوں کے ساتھ شایع ہوا۔ اس سکینڈل کی وجہ سے فیلن کی صدارتی مہم ختم ہوگئی اورمیکرون کے لیے راستہ صاف ہوگیا۔صدر میکرون بھی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے آج کل فرانسیسی اپوزیشن کی تنقید کی زد میں ہیں۔ فیلون فرانس کے معروف قدامت پرست سیاستدان ہیں۔ مالی بدعنوانیوں کے سکینڈل نے ان کی ساکھ کو زبردست نقصان پہنچایا۔

اگر یہ سکینڈل منظرعام پر نہ آتا تو شاید آج وہ فرانس کے صدر ہوتے۔ فیلون کے ساتھیوں اور ان کی اہلیہ پر بھی مقدمات ہیں۔ بہرحال فیلون کا کہنا ہے کہ ان پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں 'ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔وہ پرعزم ہیں کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب عدالت میں دیں گے اور اپنی بے گناہی ثابت کر دیں گے۔

مقبول خبریں