ڈرون حملے وفاق کیخلاف آج توہین عدالت کی درخواست دینگے سمیع الحق

ہنگوحملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے بجائے اوباما کیخلاف درج ہونا چاہیے، سربراہ جے یوآئی س


INP November 25, 2013
حکومت نے کچھ نہیں کیا، اب عمران خان طالبان کے ساتھ خود مذاکرات کریں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ ہنگو ڈرون حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کی بجائے امریکی صدر اوباما کیخلاف درج کرنا چاہیے تھا۔

اتوار کو اکوڑہ خٹک میں علماء سے ملاقات اور عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت نے کچھ نہیں کیا، اب عمران خان طالبان کے ساتھ خود مذاکرات کریں۔ امریکا نے ہنگو میں ڈرون حملہ کرکے پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ اب وہ پاکستان کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنا سکتاہے۔



انھوں نے کہا کہ ہمارا سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف 2011 میں دائر کردہ رٹ پٹیشن کی دوبارہ سماعت شروع کرے اور پاکستان کے خلاف اس گھنائونی اور مذموم سازشوں میں ملوث حکمرانوں کو عبرت ناک سزا دے۔ ڈرون حملوں پر پشاورہائیکورٹ نے جو فیصلہ 13مئی 2013 کو کیا، اسے نظرانداز کرنے پر آج ( پیر کو) وفاقی حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔