جنیوا معاہدہ دانشمندی اورلوگوں کی فتح ہے آصف زرداری

جینوا معاہدے سے پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی کے شعبے میں ترقی اورتعاون کے دروازے کھلیں گے۔


Numainda Express November 27, 2013
حکومت ایران گیس منصوبے کے لیے دوست ممالک کے سرمایہ کار تیار کرے۔ فوٹو: فائل

سابق صدرآصف زرداری نے ایران اوربڑی عالمی طاقتوں کے درمیان دانشمندانہ معاہدے کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے طویل عرصے سے قائم جمودختم کرنے اور علاقے میں امن قائم کرنے میں مددملے گی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مذاکرات اورسفارتکاری کومسائل حل کرنے کیلیے استعمال کرنے پرزوردیا تاکہ امن اورسلامتی کویقینی بنایا جا سکے،یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ طاقت کے بجائے مذاکرات سے یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے، یہ نہ صرف عقلمندی ہے بلکہ لوگوں کی فتح ہے۔



سابق صدر مملکت پاکستان نے کہا کہ جینوا معاہدے سے پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی کے شعبے میں ترقی اورتعاون کے دروازے کھلیں گے، حکومت ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کیلیے دوست ممالک کو تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنیوامعاہدہ اورافغان لویا جرگہ کی جانب سے افغانستان،امریکہ سکیورٹی معاہدے کی توثیق پاکستان کیلیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔