ملک کی نمائندگی ہدف بنالیا، اعظم خان

محمد یوسف انجم  بدھ 4 مارچ 2020
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تمام شعبوں میں مہارت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے، بیٹسمین۔ فوٹو :فائل

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تمام شعبوں میں مہارت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے، بیٹسمین۔ فوٹو :فائل

 لاہور: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے نوجوان وکٹ کیپربیٹسمین اعظم خان نے بابراعظم کواپنا فیورٹ بیٹسمین قرار دیتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کوہدف بنالیا۔

پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اعظم خان کہا کہ بابر اعظم میرے آئیڈیل ہیں، کوشش کرتاہوں کہ ان کی ہر اننگز کو باریک بینی سے دیکھوں اور جب وہ آؤٹ ہوجاتے ہیں تو ٹی وی آف کردیتا ہوں۔

اعظم خان نے واضح کیاکہ معین خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہیں ہوتی، جب بیٹنگ کرنے جاتا ہوں توصرف ذہن میں یہ ہی چیز ہوتی ہے کہ ملنے والے اس موقع سے پورا فائدہ اٹھاؤں اور سب کی توقعات پر پورا اتروں،اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے ساتھ وزن کم کرنے پر خصوصی فوکس کیاہے۔

اس سلسلے میں شعیب محمدکے بیٹے شہزر محمد نے میرے ساتھ بہت کام  کیاہے، کرکٹر ہونے کی وجہ سے انھیں ان باتوں کا بہت خیال ہے کہ ایک کرکٹر کی کیا ضروریات ہوتی ہیں، دو تین سال سے پی ایس ایل میں کوئٹہ ٹیم کا حصہ ہوں لیکن ا ب پہلی بار پرفارم کرنے کا موقع ملاہے تو اسے کھونا نہیں چاہتا، والد معین خان کی رہنمائی اورانتھک محنت سے یقین ہے کہ اپنے سارے سپنے سچ ثابت کرنے میں سرخرو ہوں گا۔ اعظم خان نے کراچی کنگز اور اسلام آباد کے خلاف اننگز کو یادگار قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تمام شعبوں میں مہارت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے، اس لیے کیپنگ کے ساتھ بطور بیٹسمین بھی خود کو منوانے کا عزم ہے تاکہ ٹیم کی فتوحات میں کرادر اداکرسکوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔