پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان واحد ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل  

محمد یوسف انجم / ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2020
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے یکم اپریل اور ٹیسٹ میچ 5 اپریل کو کراچی میں ہوگا

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے یکم اپریل اور ٹیسٹ میچ 5 اپریل کو کراچی میں ہوگا

لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان واحد ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے  درخواست کی  کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے کراچی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے مزید کچھ  وقت دیا جائے جس پر پی سی بی نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پچھلے شیڈول کے تحت دونوں ٹیموں نے 3 اپریل کو کراچی میں ایک روزہ میچ میں آمنے سامنے ہونا تھا تاہم اب مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلا دیش سے کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا اور پھر دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی شیڈول ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈمہمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے، لہٰذا پی سی بی اب زیادہ عرصے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کراچی میں میزبانی کرے گا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اس دوران شائقینِ کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

واضح رہے پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 44 رنز سے جیتا تھا، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال 5 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد140 پوائنٹس کے  ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ی لینڈ اور انگلینڈ سے اوپر لے جائے گی، دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں، فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اورآسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ  دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔