پی ٹی اے کے لاہورمیں چھاپے27غیرقانونی گیٹ ویزپکڑلیے

ایف آئی اے کی معاونت سے کارروائی کے دوران 2افراد کو گرفتاربھی کر لیا گیا


Numainda Express November 28, 2013
فرنچائز کے مالک اور دیگر افراد نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ یہ لاہور میں واقع غیر قانونی گیٹ ویز میں استعمال ہو رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیلی کمؤنی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 2 کامیاب چھاپوں کے دوران لاہور کے 2 مختلف علاقوں سے 27 غیر قانونی گیٹ ویز پکڑ لیے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن غیر قانونی گیٹ ویز کو پکڑا گیا ہے ابتدائی اندازے کے مطابق یہ گیٹ ویز ماہانہ 24 لاکھ منٹ غیرقانونی طور پر پاکستان لا رہے تھے، ٹاون شپ لاہور میں چھاپے کے دوران 14 گیٹ ویز جبکہ فیروزپور کے چھاپے میں 13گیٹ ویز کو قبضہ میں لے کر 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی نے ایف آئی اے کے ہمراہ 26نومبر کو جی ٹی روڈ حسن ابدال میں ایک موبائل فرنچائز پر چھاپہ مارا جو متعدد سمز کے بھاری ری چارج میں ملوث تھا، فرنچائز کے مالک اور دیگر افراد نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ یہ لاہور میں واقع غیر قانونی گیٹ ویز میں استعمال ہو رہی ہیں۔



ملزمان کی نشاندہی پر لاہور میں چھاپے مارے گئے، اس دوران 27گیٹ ویز کو پکڑا گیا جو قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہے تھے۔ واضح رہے کہ پی ٹی اے نے غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے، پی ٹی اے ایسے افراد تک پہنچنے کے لیے مختلف طریقوں سے کارروائی کرتی ہے تاکہ قومی خزانے کو ٹیلی کام کے غیرقانونی کاروبار کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔