موبائل کنکشن تصدیق نجی کمپنی نے پہلا بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرا دیا

کوائف کی تصدیق کا عمل 15سیکنڈ میں ہوگا، نادرا کے ڈیٹا سے تصدیق کے بعدہی سم ایکٹیویٹ کی جائیگی، سی ای او زونگ سکندرنقوی


Business Reporter November 29, 2013
سیکیورٹی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ فوٹو:فائل

موبائل فون سم کنکشن کی تصدیق کے لیے دنیا کا پہلا بائیومیٹرک سسٹم کراچی میں نصب کردیا گیا ہے۔

یہ سسٹم ٹیلی کام کمپنی زونگ نے گلشن اقبال کے کسٹمر سروس سینٹر میں نصب کیا ہے، اس سسٹم کی تنصیب کے بعد زونگ پاکستان میں بائیومیٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرانے والا پہلا ٹیلی کام آپریٹر بن گیا ہے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے بائیومیٹرک نظام کا افتتاح کیا، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ بائیومیٹرک سسٹم پاکستان میں سیکیورٹی مسائل پر قابو پانے میں مدد دے گا اور سیکیورٹی بہتر ہونے سے ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، پاکستان میں جرائم پیشہ عناصر ٹیکنالوجی کا توڑ نکال سکتے ہیں۔



لیکن بائیومیٹرک کی تنصیب ایک موثر نظام کی جانب پہلا قدم ہے، اس سسٹم کا توڑ مشکل ہوگا پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی انڈسٹری کے ساتھ مل کر اس نظام کو مزید بہتر بنائیگی، اس سسٹم کے متعارف کرائے جانے سے منفی عناصر کے لیے کسی اور کے نام پر جاری کی جانے والی سم کا استعمال ناممکن نہیں تو کافی حد تک کم ہوجائے گا، اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے زونگ کے سی ای او سکندرنقوی نے بتایا کہ زونگ ٹیلی کمیونی کیشن انڈسٹری میں سیکیورٹی پروٹوکولز کی بہتری اور توسیع کے لیے پوری طرح کوشاں ہے۔

یہ ٹیکنالوجی آہستہ آہستہ ملک بھر میں زونگ کے تمام کسمٹر سروس سینٹرز اور فرنچائز پر نافذ کردی جائیگی، انھوں نے کہا کہ زونگ بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب پر 5ملین ڈالر خرچ کررہا ہے، بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے کوائف کی تصدیق کا عمل 15سیکنڈز میں مکمل ہوگا، نادرا کے سی این آئی سی ڈیٹا سے کوائف کی تصدیق کے بعد ہی سم ایکٹیویٹ کی جائیگی، نمائندوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں موبائل فون کنکشنز کی فروخت کیلیے کوائف کی تصدیق بائیومیٹرک سسٹم سے کی جائیگی۔