کراچی فائرنگ اور تشدد مذہبی جماعت کے کارکن و ٹرانسپورٹر سمیت8 ہلاک

محمودآبادمیں اہلسنّت والجماعت کے کارکن سمیت3افرادفائرنگ کانشانہ بنے،ٹرانسپورٹررضابلوچ سائٹ غنی چورنگی پرماراگیا


Staff Reporter November 29, 2013
بورڈآفس پرایک ہلاک ،بفرزون میں مکان سے ایک شخص کی سربریدہ لاش ملی،سپرہائی وے سے بھی2 لاشیں ملیں، 2زخمی فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورپرتشددواقعات میں اہلسنّت والجماعت کے کارکن اورٹرانسپورٹرسمیت8افرادہلاک اورخاتون سمیت2زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق محمودآبادنمبر6میں پنکچرکی دکان پرنامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے45سالہ محمدبشیرہلاک ہوگیا،مقتول اہلسنت والجماعت محمودآبادسیکٹر کا کارکن اوراپنے گھر کے قریب واقعے پنکچر کی دکان کا مالک تھا،اہلسنت و الجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی نے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔محمود آبادمعصوم شاہ کالونی وائرلیس گیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے39سالہ رفاقت شاہ ہلاک ہو گیا،مقتول گارڈن سولجر بازار کا رہائشی تھا۔محمود آباد کشمیر کالونی سیکٹرA گلی نمبر3کے رہائشی20 سالہ عبد اﷲ کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرار ہو گئے۔سائٹ شیرشاہ غنی چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کارمیں سوار40 سالہ رضامحمدبلوچ ہلاک ہو گیا،مقتول گلستان جوہر رابعہ سٹی کا رہائشی اور گڈزٹرانسپورٹر تھا،وہ ماڑی پور سے اپنے گھر جا رہاتھا،شبہ ہے کہ رضا محمد بلوچ کوبھتے کے تنازع پر قتل کیا گیاہے۔



نارتھ ناظم آبادکے علاقے بورڈآفس چوک کے قریب اسٹاپ پرکھڑے ہوئے45 سالہ طارق احمدپر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پرہی ہلاک ہوگیا، مقتول گلبہارمیں سینٹری کی دکان پرکام کرتا تھا۔ بفرزون سیکٹر16/Aمکان نمبر129سے ایک شخص کی لاش ملی جسے عباسی شہیداسپتال پہنچایاگیا،مقتول کی شناخت48سالہ محمدسلیم قائمخانی عرف فوجی کے نام سے کرلی گئی،مقتول غیرشادی شدہ تھاجبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ جھڈوسے تھا،مقتول پاک بحریہ کاسابق سویلین ملازم اورتعویزگنڈوںکاکام کرتاتھا،مقتول کو نامعلوم ملزمان ذبح کرنے کے بعداس کاسرکاٹ کراپنے ساتھ لے گئے تھے۔

سپرہائی وے کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ شخص ہلاک ہو گیا، مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ملیرکینٹ سپرہائی وے گلشن مہران لنک روڈ پرواقع برساتی نالے سے ایک شخص کی لاش ملی جو3سے4 روز پرانی ہے جسے نامعلوم ملزمان نے تشددکانشانہ بنانے کے بعدہلاک کیا،شناخت نہیں کی جاسکی۔گلبرگ موسیٰ کالونی کچی آبادمیں گھریلوجھگڑے کے دوران فائرنگ سے20سالہ حاجرہ زوجہ سہیل احمدزخمی ہوگئی۔لیاقت آبادبی ایریانور بیکری میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کر کے 60 سالہ منورکوشدیدزخمی کردیا۔