کورونا آگہی و بیداری کی ضرورت

حکومت اور وزارت صحت ہنگامی صورتحال کا ادراک کرے اور قوم کو جوش اور جنون کی ساتھ کورونا سے نمٹنے کے لیے تیار کرے۔


Editorial March 14, 2020
حکومت اور وزارت صحت ہنگامی صورتحال کا ادراک کرے اور قوم کو جوش اور جنون کی ساتھ کورونا سے نمٹنے کے لیے تیار کرے۔ (فوٹو : انٹرنیٹ)

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیا دلچسپ اور معنی خیز بات کہی ہے کہ کورونا کے خدشے کے پیش نظر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے باقی میچز تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں ہونگے، یہ ایک بہت خطرے کی کیفیت ہے کہ میچز دیکھنے کے لیے ہجوم کو اجازت دی جائے، انھوں نے کہا کہ ہم بڑی تعداد میں تماشائیوں اور ان کے خاندان کے افراد کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

انھوں نے یہ فیصلہ کورونا وائرس کے ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کیا کوئی تصورکرسکتا تھا کہ چین کے ووہان صوبہ سے نازل ہونے والا کورونا وائرس نوع انسانی کے لیے اس قدر خطرناک اور جان لیوا ہوگا۔ سندھ کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔

وزیر تعلیم سعید غنی نے بتایا کہ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں، تعلیمی ادارے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد یکم جون کو دوبارہ کھلیں گے۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا تیسرا کیس بھی سامنے آگیا، جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ شگر کے رہائشی31 سالہ مظاہر علی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

متاثرہ مریض25 فروری کو ایران سے پاکستان آیا تھا، ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا کے خطرات دیگر صوبوں سے زیادہ بڑھ رہے ہیں، وفاقی حکومت مزید تعاون کرے۔ پشاورکے سول سیکریٹریٹ میں ملازمین کی اسکریننگ شروع کردی گئی ہے۔

ادراک کیا جارہا ہے کہ شادی بیاہ، سماجی اور مذہبی اجتماعات سمیت ہر قسم کے اجتماع کی حوصلہ شکنی کی جائے گی تاکہ وائرس کا راستہ روکا جائے، کورکمانڈرزکانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے فوج قومی کوششوں میں تعاون کرے گی۔ سنگاپورکے وزیراعظم لی ہسین لونگ نے انتباہ کیا ہے کہ دنیا کے متعدد ممالک کورونا کی روک تھام کے لیے اقدامات سے پہلو تہی کر رہے ہیں،سائنس دانوں کے مطابق وہ آج بھی '' زیرو پیشنٹ '' کی نشاندہی کی کھوج میں ہیں۔ میڈیا کے تجزیوں میں بتایا گیا کہ کورونا کا پہلا شکار ووہان کے علاقے ہوبئی کا ایک 55 سالہ شخص ہوا تھا، چائنا مارننگ پوسٹ کی اطلاع کے مطابق یہ انکشاف چینی دستاویزات سے ہوا ہے۔

کورونا کے عالمی تحیر کے اثرات ابھی تک جاری ہیں، متعدد ملکوں میں جن میں فرانس، اسپین ، جرمنی، اٹلی اور یورپ کے دیگر ممالک شامل ہیں ان کی بندرگاہوں سے بڑے مسافر بحری جہازوں کو سفر سے منع کیا گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک ریلیف پیکیج کی منظوری کی بات چل رہی ہے، وائٹ ہاؤس کے ذرائع کاکہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس کا کسی قسم کا کورونا ٹیسٹ ہونے کا امکان نہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا پر قابو پا لیا جائے گا، ادھر امریکی کانگریس اور ڈیموکریٹس میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ علاج اور صحت کی ضروری سہولتوں کی فراہمی کا مشترکہ اسکوپ وسیع ہونا ناگزیر ہے۔

یہی اشتراک عمل پاکستان کے شعبہ صحت اور ہیلتھ سسٹم کی اساس بننا چاہیے، پوری دنیا میں اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ انسانیات کو سراسیمہ نہیں ہونا چاہیے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی کشمکش سے روس اور سعودی عرب میں ٹھن گئی ہے، عالمی اسٹاک مارکیٹوں کا کاروبار ٹھپ ہے ، وال اسٹریٹ میں 1978 کے بعد پہلی مرتبہ کساد بازاری نے سر اٹھایا ہے، معیشتیں ڈانواں ڈول ہونے لگی ہیں، امریکی ریاستوں مشی گن، نیو میکسیکو اور اوہائیو میں تعلیمی ادارے بند ہیں، رگبی ، بیس بال اور باسکٹ بال کے قومی مقابلے منسوخ کیے جاچکے ہیں،آسٹریلیا کی گرانڈ پری ( موٹر ریس) ملتوی کی گئی ہے ، نیپال نے ماؤنٹ ایورسٹ کی طرف کوہ پیمائی کی ممانعت کی ہے، ٹوکیو اولمپکس التوا کے خطرے سے دوچار ہے ۔

کورونا کی پیش قدمی کے باعث یورپ کا بر اعظم امریکا سے رابطہ ٹوٹا ہے، صدر ٹرمپ نے ازراہ مروت برطانیہ سے ایئر لائنز منسوخی کا فیصلہ نہیں کیا، ادھر کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو کی اہلیہ کو کورونا وائرس لگ گیا ہے، امریکی صدارتی امیدواروں کی انتخابی گہما گہمی کے متاثر ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے، جوبائنڈن اور برنی سینڈر پر اپنی انتخابی مہم روکنے کا دباؤ موجود ہے۔

داخلی طور پر پاکستان کوکورونا سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ مسائل اور مشکلات پر قابو پانے کی سائنسی بنیاد پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق بلوچستان حکومت نے ایران سے آنے والے سندھ کے شہریوں کو صوبے میں قرنطینہ میں رکھنے سے انکار کر دیا، حکومتی ذرائع کے مطابق سندھ کے رہائشیوں کو سکھر تک پہنچایا جائے گا۔

بلوچستان میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کی بندش میں31 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ میٹرک کے امتحانات بھی روک دیے گئے۔ ادھر سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے سے تمام ممالک اور ایئر لائنز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ فیصلے کے تحت تمام عمرہ زائرین اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو72 گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنا ہوگا، پابندی کا اطلاق 13مارچ سے ہوگا۔ ڈاکٹرز نرسز اور میڈیکل ویزا ہولڈرز پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

کورونا منظر نامہ کا دوسرا ایکٹ چشم کشا ہے، امریکا اور یورپ میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ جب کہ چین میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ تازہ ترین اعداد وشمارکے مطابق چین میں مزید گیارہ افراد دم توڑگئے جب کہ اٹھارہ نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد کل ہلاکتیں3169 اور متاثرین 80776 ہوگئے۔ چین کے حکومتی ترجمان نے کہا کہ ملک میں وبائی کورونا وائرس مرض کا حالیہ پھیلنے کا عروج ختم ہوگیا ہے۔

نئے کیسز میں کمی آرہی ہے اور مجموعی طور پر وبائی صورتحال نچلی سطح پر ہے۔ چینی حکومت کے مشیر نے کہا کہ توقع ہے عالمی سطح پر کورونا کی وبا پر جون کے آخر تک قابو پا لیا جائے گا۔ ایران میں مزید 75افراد جاں بحق ہوئے اور مزید1,075 افراد اس کا شکار ہوئے ہیں۔ یہاں اموات کی کل تعداد 429 اور متاثرین 10,075ہیں۔ ایران کے وزیر صنعت رضا رحمانی، وزیر سیاحت علی اصغر منسان اور صدر حسن روحانی کے نائب اسحاق جہانگیری بھی وائرس کا شکار ہوگئے۔ اٹلی میں مریضوں کی تعداد 12,462اور مرنے والوں کی تعداد 827 ہے۔ اٹلی میں بنیادی ضرورت کی دکانوں کے علاوہ باقی بازار بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا میں چھ نئی اموات سے ہلاکتیں66 ہوگئیں جب کہ 114نئے کیسوں کے ساتھ کل متاثرین کی تعداد 7,869ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ کورونا وائرس نے ہمیں آگہی اور بیداری کا ایک موقع عطا کیا ہے،حکومت اور وزارت صحت ہنگامی صورتحال کا ادراک کرے اور قوم کو جوش اور جنون کی ساتھ کورونا سے نمٹنے کے لیے تیار کرے۔

مقبول خبریں