کراچی اسٹاک مارکیٹ نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی

انڈیکس122پوائنٹس کے اضافے سے24302پربند،175کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter November 30, 2013
مارکیٹ سرمایہ 42 ارب88 کروڑ روپے بلند،14کروڑ 44 لاکھ حصص کے سودے فوٹو: آن لائن / فائل

نئے آرمی چیف کی کمان سمبھالنے اور وزیراعظم کا یکم جنوری سے ٹیکس ریلیف پیکیج دینے سمیت دیگر اقدامات کے اعلانات کو حصص مارکیٹ نے بھی مثبت تاثر لیاجسکے نتیجے میں کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا اور انڈیکس پہلی بار 24302 پوائنٹس کی نئی بلندترین حد بھی رقم کرگیا، تیزی کے باعث50.28 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید42 ارب88 کروڑ 69 لاکھ97 ہزار859 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دوبارہ دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں نے بھی جمعہ کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جس سے مارکیٹ کا مورال بلند ہوا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر42 لاکھ7 ہزار568 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا سے پہلے سیشن کے دوران ایک موقع پرصرف2.42 پوائنٹس کی مندی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے کی جانب سے22 لاکھ28 ہزار689 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے16 لاکھ83 ہزار83 ڈالر اور دیگرآرگنائزیشنز کی جانب سے2 لاکھ95 ہزار795 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری نے پہلے سیشن کے اختتامی لمحات سے دوسرے سیشن کے اختتام تک تیزی کا رحجان برقرار رکھنے میں معاونت کی۔



کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس121.70 پوائنٹس کے اضافے سے24302.19 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس82.64 پوائنٹس کے اضافے سے18246.01 اور کے ایم آئی30 انڈیکس214.25 پوائنٹس کے اضافے سے40669.34 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 6.16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ 44 لاکھ9 ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں175 کے بھاؤ میں اضافہ، 147 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔