کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد رضوان کپتان عماد وسیم پر برس پڑے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 15 مارچ 2020
میری محنت میں کوئی کمی نہیں آئی، پھر بھی مجھے موقع نہیں ملا، اس بات کا جواب کپتان خود بہتر طور پر دے سکتا ہے، وکٹ کیپر (فوٹو : فائل)

میری محنت میں کوئی کمی نہیں آئی، پھر بھی مجھے موقع نہیں ملا، اس بات کا جواب کپتان خود بہتر طور پر دے سکتا ہے، وکٹ کیپر (فوٹو : فائل)

 کراچی: پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کے ٹیسٹ وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان مواقع نہ ملنے پر اپنے کپتان عماد وسیم پر برس پڑے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ کپتان نے مجھے ٹاپ آرڈر کا بیٹسمین کہا اور مجھے موقع ہی نہیں ملا، میں پاکستان کا بہترین وکٹ کیپر اور بیٹسمین ہوں، مجھے اپنی فرنچائز نے موقع نہیں دیا، میری محنت میں کوئی کمی نہیں آئی، پھر بھی مجھے موقع نہیں ملا، اس تمام معاملے کا جواب کپتان خود بہتر طور پر دے سکتا ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ میرے حوالے سے کپتان کے بیان کی وجہ سمجھ میں نہیں آئی تاہم اس طرح کے طرز عمل سے مجھے مایوسی ہوئی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میری کارکردگی اور چھکے سب کو یاد ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بھرپور کارکردگی پیش کی ہے، میرا ماننا ہے کہ ہر کام میں اللہ کی مرضی ہوتی ہے، کپتان کا فیصلہ بھی اللہ کی مرضی ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ ایونٹ میں باہر بیٹھا رہا، اگلے سال کے بارے میں کچھ نہیں کرسکتا کہ اس فرنچائز کا حصہ بنوں گا یا نہیں، شائقین کے نہ ہونے کا کافی افسوس ہے، جیتنے اور ہارنے کا معاملہ الگ بات ہے، ایسا لگ رہا تھا کہ ہم سائیڈ میچز کھیل رہے ہیں، اب اگر میں ٹیم کمبی نیشن میں نہیں آرہا تو الگ بات ہے، افسوس ہوتا ہے  لیکن اپنی طرف سے بھرپور محنت کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کئی کھلاڑی ہیں جنھیں پی ایس ایل میں موقع نہیں ملا، فرنچائز کے معاملات الگ ہوتے ہیں، کراچی کنگز کو چیڈوک والٹن سوٹ کررہا ہے، میں جس ٹیم کے ساتھ کھیلتا ہوں وہ سب چیمپیئن بننے کے لیے کھیلتی ہیں، لاہور سے ہمیشہ مشکل میچ ہوتا ہے، تین سال لاہور قلندرز کے بعد دو سال سے کراچی کنگز کے ساتھ ہوں، پاکستان کرکٹ ٹیم میں انتخاب کا معاملہ قومی سلیکشن کمیٹی کے ہاتھ میں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔