فرانس میں بچے کے ساتھ زیادتی پر پادری کو سزا

فرانس میں ایک گرجا گھر کے پادری کو اسی قسم کے الزام میں عدالت نے 5 سال قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔


Editorial March 18, 2020
فرانس میں ایک گرجا گھر کے پادری کو اسی قسم کے الزام میں عدالت نے 5 سال قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

تعلیمی اداروں میں جہاں کم سن بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے وہاں گاہے گاہے بڑی عمر کے نوجوان یا اساتذہ کی جانب سے کم سن بچوں کے خلاف زیادتی کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں لیکن اسی قسم کی وبا صرف تیسری دنیا کے ممالک میں ہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ امیر ممالک میں بھی موجود ہے۔

ایک خبر کے مطابق فرانس میں ایک گرجا گھر کے پادری کو اسی قسم کے الزام میں عدالت نے 5 سال قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ میڈیا کی اطلاع کے مطابق سزا پانے والے پادری برنارڈ پرے ناٹ کی عمر75 سال ہے جس نے فرانسیسی شہر لیون میں اپنے خلاف مقدمے کی کارروائی کے دوران اپنے قبیح جرم کا اعتراف کیا۔ اس پادری نے1971سے1991کے درمیان متذکرہ جرم کا ارتکاب کیا تھا۔

فرانسیسی عدالت نے اسے5 سال قید کی سزا دی ہے جب کہ استغاثہ کا مطالبہ تھا کہ سزا کی مدت کم از کم8 سال ہونی چاہیے۔ پوپ فرانسیس نے مذکورہ پادری پر اس ماہ کے آغاز میں مستعفیٰ ہونے پر زور دیا تھا۔ پاکستان میں بھی درسگاہوں میں (دینی مدارس اور روایتی تعلیمی اداروں)کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ لیکن یہاں ایسے مجرم اکثر اوقات سزا سے بچ جاتے ہیں۔

حد یہ ہے کہ گزشتہ دنوں گومل یونیورسٹی کے سینئر استادوں پر ایسے ہی الزامات لگے اور کئی کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔ پاکستان میں درسگاہوں کو جنسی درندوں سے بچانے کے لیے جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم لگایا جانا چاہیے۔ ہر قسم کی درس گاہوں میں پرنسپل سے لے دیگر اساتذہ کے کمروں، میٹنگ رومز، کلاس رومز جدید اور ہائی ڈیفنیشن کیمرے نصب کیے جانے چاہیں اور ان کیمروں کا کنٹرول روم کسی وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی کے یونٹ کی نگرانی میں ہو۔ اس یونٹ کا سربراہ سی ایس پی افسر ہو۔

ہمارے معاشرے، علماء کرام و مشائخ عظام، مذہبی اسکالرز اور دیگر طبقات کے رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ ایسے گھناونے جرائم کے مرتکب اساتذہ کو مجرم سمجھیں اور اسے کسی دینی، لسانی، نسلی یا قومیتی تعصب کے پردے میں نہ چھپنے دیں کیونکہ ایسے مجرم شیطان کی طرح سازشی، مکار اور فریب کار ہوتے ہیں، وہ خود کو بچانے کے لیے مختلف تعصبات کو ہوا دیکر فساد پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مقبول خبریں